دہلی ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ آدھار کارڈ اکیلا کسی کی تاریخ پیدائش کا حتمی ثبوت نہیں بن سکتا۔ یہ فیصلہ جسٹس منوج کمار اوہری نے 13 نومبر کو سنایا۔
سنگل جج بینچ کے سامنے یہ معاملہ 2017 میں ایک آجر کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی برطرفی کے بعد ایک ملازمہ کی تاریخ پیدائش کے متعلق تنازع سے پیدا ہوا تھا۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ آدھار سے متعلق قانون آدھار نمبر کو محض "شناخت کا ثبوت" تسلیم کرتا ہے۔
آدھار کی ثبوتی حیثیت
اپنے فیصلے میں عدالت نے تاریخ پیدائش کے حوالے سے یونیک آئیڈینٹی فکیشن اتھارٹی آف انڈیا (UIDAI) کے 2018 کے ایک دفتری میمورنڈم کا حوالہ دیا۔ UIDAI بائیو میٹرک اور ڈیموگرافک ڈیٹا کی بنیاد پر 12 ہندسوں پر مشتمل قابل تصدیق شناختی نمبر فراہم کرتے ہوئے بھارت کے باشندوں کو آدھار کارڈ جاری کرتا ہے۔
بھارت کی مختلف عدالتیں اس سے قبل قانونی اور ملازمت سے متعلق تنازعات میں آدھار کی ثبوتی حیثیت پر تبادلہ خیال کر چکی ہیں۔ موجودہ فیصلہ تاریخ پیدائش کی تصدیق کے معاملے میں اس شناختی دستاویز کے محدود دائرہ کار کے قانونی موقف کو مزید تقویت دیتا ہے۔


