ایک بین الاقوامی ٹریبونل نے فاک لینڈ جزائر کے قریب واقع سمندری حدود میں برطانیہ کے منظور شدہ تیل کی تلاش کے منصوبے کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات سے متعلق ارجنٹینا کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

بین الاقوامی عدالت نے برطانوی اور اسرائیلی مشترکہ سمندری منصوبے کو عارضی طور پر روکنے کی ارجنٹینا کی درخواست کے خلاف 18-3 سے ووٹ دیا۔ ارجنٹینا نے 13 اکتوبر کو ٹریبونل سے رجوع کر کے فاک لینڈز کے شمال میں واقع ’سی لائن‘ تیل کی ڈرلنگ کے منصوبے کو معطل کرنے کا حکم طلب کیا تھا۔

اپنے فیصلے میں عالمی ٹریبونل نے قرار دیا کہ اس بات کا کوئی جواز نظر نہیں آتا کہ بیونس آئرس کا ان جزائر پر دائرہ اختیار ہے۔ مجوزہ آپریشن میں برطانوی اور اسرائیلی کمپنیوں کا ایک مشترکہ منصوبہ شامل ہے جو تیل اور گیس کی تلاش کی تیاری کر رہا ہے، جسے ارجنٹینا نے اپنے خودمختاری کے دعووں کے تحت روکنے کی کوشش کی تھی۔

عدالت کے فیصلے کے بعد برطانیہ نے مطالبہ کیا کہ ارجنٹینا فاک لینڈز پر معاشی دباؤ ڈالنا بند کرے۔

یہ تنازع جنوبی بحر اوقیانوس کے اس جزیرہ نما پر دہائیوں سے جاری کشیدگی کی کڑی ہے، جس کا انتظام برطانیہ کے پاس ہے۔ 1982 میں برطانیہ اور ارجنٹینا نے ان جزائر کے کنٹرول کے لیے 10 ہفتوں کی جنگ لڑی تھی۔