یو ایس جیولوجیکل سروے کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق ہفتے کی صبح کیلیفورنیا میں مین ہیٹن بیچ کے قریبی سمندری علاقے میں ابتدائی طور پر 5 شدت کا زلزلہ آیا۔

مقامی وقت کے مطابق ہفتے کے روز صبح 9:30 بجے آنے والا یہ زلزلہ لاس اینجلس کے مغرب میں پیش آیا۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کی تفصیلات کے مطابق، زلزلے کا مرکز لاس اینجلس کے بالکل قریب واقع مین ہیٹن بیچ کی بلدیاتی حدود کے نزدیک سمندر میں تھا۔

زلزلے کے جھٹکوں سے شیلفوں میں رکھے برتن ہل گئے اور خطے کے مکینوں کے موبائل فونز پر خودکار ہنگامی انتباہات موصول ہوئے۔

اس واقعے کے بعد لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ نے زلزلہ پروٹوکول نافذ کر دیا اور عمارتوں اور مقامی انفراسٹرکچر کو ممکنہ نقصان کا جائزہ لینے کے لیے 106 اسٹیشنوں سے معائنہ کرنے والی ٹیمیں روانہ کیں۔

محکمے نے بعد ازاں ایک الرٹ میں بتایا کہ زیرِ نگرانی علاقوں میں کسی قسم کے جانی نقصان یا عمارتوں کے متاثر ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

لاس اینجلس زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے جہاں فالٹ لائنز کا ایک پیچیدہ جال موجود ہے۔ 5 شدت کے زلزلے معتدل شمار کیے جاتے ہیں، جو اپنی گہرائی اور گنجان آباد مراکز سے قربت کی بنیاد پر مقامی سطح پر قابلِ ذکر نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔