ہریانہ کے ضلع حصار میں واقع گاؤں بھوج راج میں ایک مشق کے دوران فوجی گاڑی تلے غیر ارادی طور پر کچلے جانے سے ہندوستانی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت اتر پردیش کے شاملی کے رہائشی نائیک منیش کمار اور اتر پردیش کے بدایوں کے نائیک انکش کمار کے طور پر کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب معمول کی مشق میں تقریباً 32 ٹینک حصہ لے رہے تھے۔ مشق کے دوران متعدد فوجیوں نے زمینی پوزیشنیں سنبھال رکھی تھیں۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ تربیتی مشق کے دوران اڑنے والی دھول کی وجہ سے ٹینک ڈرائیور کو صاف دکھائی نہیں دیا، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔

واقعے کے صحیح وقت کے حوالے سے متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔ تفتیشی افسر اشوک کنڈو نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا، جبکہ پولیس نے الگ سے کہا کہ یہ حادثہ ہفتے کے روز پیش آیا تھا۔