انڈیا ٹوڈے اور ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹس کے مطابق متھرا میں شادی کی تقاریب کے دوران دو دولہوں کو ان کے بہنوئی کی جانب سے 1، 1 کروڑ روپے مالیت کے 100 فٹ طویل کرنسی نوٹوں کے ہار تحفے میں دیے گئے۔
شادی کی یہ تقریب بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع متھرا کے گاؤں نگلا فودا میں منعقد ہوئی۔ یہ بھاری بھرکم ہار اس خاص موقع کے لیے مکمل طور پر 500 روپے کے کرنسی نوٹوں سے تیار کیے گئے تھے۔
چچا زاد بھائیوں پر مشتمل دولہوں کو یہ کرنسی ہار گھڑچڑھی کی رسم کے دوران پہنائے گئے۔ گھڑچڑھی شمالی بھارت کی شادی سے قبل کی ایک روایتی رسم ہے جس میں دولہا شادی کے مقام کی طرف روانہ ہونے سے قبل گھوڑے پر سوار ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس تقریب میں شامل خاندان سنگ مرمر اور پتھر کے کاروبار سے وابستہ بتائے جاتے ہیں۔

