پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے بلڈ کینسر کی ایک قسم، ملٹیپل مائیلوما، کے خلاف اپنی ماضی کی جنگ کا انکشاف کیا ہے، جس کی وجہ سے وہ اسٹیج سے دور رہے اور تقریباً ایک سال تک بستر تک محدود رہے۔
کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلوکار نے اس بیماری سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ انہوں نے اپنے علاج کے دوران اس میڈیکل تشخیص کو کئی لوگوں سے پوشیدہ رکھا تھا۔
اس بیماری سے نمٹنے کے لیے فنکار کی کیموتھراپی ہوئی اور صحتیاب ہونے سے قبل وہ تقریباً 12 ماہ تک بستر پر رہنے پر مجبور رہے۔
شفقت امانت علی ایک کلاسیکی اور پلے بیک گلوکار ہیں جو اس سے قبل پاکستانی راک بینڈ فیوزن کے مرکزی گلوکار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 2006 کی شاہ رخ خان کی فلم 'کبھی الوداع نہ کہنا' کے گانے 'متوا' کے لیے سب سے زیادہ جانے جاتے ہیں۔
ملٹیپل مائیلوما کینسر کی ایک ایسی قسم ہے جو سفید خون کے خلیوں میں پیدا ہوتی ہے جنہیں پلازما سیل کہا جاتا ہے۔



