آسام میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال نے وہ ایڈوائزری واپس لے لی ہے جس میں پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں کو اپنی ریزیڈنسی کی مدت مکمل ہونے تک شادی سمیت ذاتی نوعیت کے اہم فیصلے مؤخر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ڈاکٹروں اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل اور برہمی کے بعد ادارے نے جمعرات کو یہ ہدایت نامہ منسوخ کر دیا۔
آسام میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں پروفیسر اور شعبہ طب کے سربراہ پرشانت دیہنگیا نے بدھ کو یہ ایڈوائزری جاری کی تھی۔
اس میں خاص طور پر ہسپتال کے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں سے کہا گیا تھا کہ وہ ریزیڈنسی کی مدت ختم ہونے تک شادی جیسی ذاتی ذمہ داریوں کو مؤخر کریں۔
بھارت میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ٹرینیز کو اپنے ریزیڈنسی پروگراموں کے دوران اکثر کام کے بھاری بوجھ اور طویل ڈیوٹی کے اوقات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آسام کے شہر ڈبروگڑھ میں واقع آسام میڈیکل کالج اس خطے کے قدیم ترین طبی اداروں میں سے ایک ہے۔



