متحدہ عرب امارات کی وزارت خزانہ نے مجموعی طور پر 180 ملین درہم مالیت کے درہم کرنسی پر مبنی ڈیجیٹل خود مختار ٹریژری بانڈز جاری کیے ہیں، جو خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے کسی بھی خود مختار قرض دار کی جانب سے اس نوعیت کا پہلا لین دین ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق ان ڈیجیٹل خود مختار ٹریژری بانڈز کی مالیت تقریباً 50 ملین ڈالر کے برابر ہے، جبکہ دی نیشنل کے مطابق یہ تقریباً 49 ملین ڈالر ہے۔ ان 2 سالہ بانڈز پر سالانہ شرح مقرر ہے۔

وفاقی حکومت کے ڈیجیٹل ٹریژری بانڈز یورو کلیئر کے ڈیجیٹل فنانشل مارکیٹ انفراسٹرکچر (ڈی-ایف ایم آئی) کے ذریعے جاری کیے گئے۔ ڈیجیٹل ٹی-بانڈز بلاک چین یا ڈسٹری بیوٹڈ لیجر ٹیکنالوجی پر حکومتی قرضے کی نمائندگی کرتے ہیں، جو اجرا، تجارت اور تصفیے کے عمل کے لیے ڈیجیٹل ٹوکنز اور مشترکہ کھاتوں کا استعمال کرتے ہیں۔

جمعہ کے روز وزارت خزانہ نے اعلان کیا کہ سیکیورٹیز کے اجرا اور تصفیے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کا استعمال کیا گیا، جبکہ روایتی تقسیم اور تصفیے کے ذرائع سے بھی مکمل رابطہ برقرار رکھا گیا۔ وزارت نے کہا کہ یہ تاریخی اجرا مقامی قرض مارکیٹ کو وسعت دینے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔