
دہرادون: اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو لاگو کرنے کا وعدہ کرکے ، عام اسبلی انتخابات جیتنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی حکومت نے جمعہ کو اس سمت میں ایک اہم قدم بڑھادیا۔ یو سی سی کی سفارشات کے لیے تشکیل دی گئی ریٹائرڈ جج رنجنا پرکاش دیسائی کی صدارت میں پانچ رکنی ماہر کمیٹی نے جمعہ کو اپنی سفارشات کا مسودہ مسٹر دھامی کو پیش کیا۔
چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر واقع چیف سیوک سدن میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں محترمہ دیسائی نے کمیٹی کے ارکان کے ساتھ یہ مسودہ مسٹر دھامی کو سونپا۔
کمیٹی نے ریاست کے پہلے گاؤں مانا کے باشندوں سے دو سال قبل اس پر عمل درآمد کے بارے میں رائے لی۔ اس کے بعد 42 دیگر علاقوں میں عوامی سماعت کے ذریعے یو سی سی کے نفاذ سے متعلق آراء اکٹھی کی گئیں۔
اب یہ ڈرافٹ ہفتہ کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں رکھا جائے گا جس میں مناسب غور و خوض کے بعد اسے آئندہ اسمبلی اجلاس میں بل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ اسے 5 فروری سے شروع ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے نفاذ کے بعد، اتراکھنڈ ملک کی پہلی ریاست ہوگی، جہاں اسے نافذ کیا جائے گا۔

