
واشنگٹن:نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن نمائندہ ایلیز سٹیفنک کو اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر کے عہدے کی پیشکش کی ہے، سی این این نے اتوار کو دو نامعلوم ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔
قبل ازیں رائٹرز نے اطلاع دی تھی کہ ٹرمپ کی ایک کٹر حلیف سٹیفنک اس عہدے کے لیے زیرِ غور تھیں۔
ٹرمپ-وانس ٹیم کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے سی این این کی رپورٹ کی تصدیق یا تردید کیے بغیر ایک ای میل بیان میں کہا، “نومنتخب صدر ٹرمپ جلد ہی اس بارے میں فیصلہ کر لیں گے کہ دوسری مرتبہ ان کی انتظامیہ میں کون کون خدمات انجام دے گا۔ جب یہ فیصلے ہو جائیں گے تو اعلان کر دیا جائے گا۔”
ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا کہ سابق ریپبلکن صدارتی امیدوار نکی ہیلی اور سابق وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کی خدمات حاصل نہیں کی جائیں گی۔
ہیلی نے ٹرمپ کے سابقہ دور میں اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں اور صدر کے لیے ٹرمپ کی حمایت کی تھی حالانکہ جماعتی انتخابات میں انہوں نے ٹرمپ پر سخت تنقید کی تھی۔
ٹرمپ 20 جنوری کو بطورِ صدر حلف برداری سے قبل اپنی انتظامیہ میں خدمات انجام دینے کے لیے ممکنہ امیدواروں سے ملاقات کر رہے ہیں۔
رائٹرز نے جمعہ کو اطلاع دی کہ ٹرمپ نے ممتاز سرمایہ کار سکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کی جو ممکنہ طور پر امریکی وزیرِ خزانہ کے نامزد امیدوار ہیں۔

