لیموں اصل میں ایک پھل ہے مگر اسے عموماً سبزیوں کی فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔پکے ہوئے کا رنگ زرد جبکہ کچے لیموں کا رنگ سبز ہوتا ہے۔اس کا ذائقہ ترش ہوتا ہے۔اس میں سڑک ایسڈ پایا جاتا ہے۔اس کی کئی اقسام ہیں۔سب سے اعلیٰ قسم کاغذی لیموں کی ہے جس کا چھلکا کاغذ کی طرح پتلا ہوتا ہے۔اس کی مقدار خوراک چھ ماشہ لیموں کا رس ہے جبکہ روغن لیموں کی مقدار ایک سے تین قطرے تک ہے۔
وٹامن بی اور سی اور نمکیات کا بہترین ماخذ ہے اس میں وٹامن اے معمولی مقدار میں پایا جاتا ہے۔لیموں کے بے شمار فوائد ہیں۔
یہ مفرح اور سردی پہنچاتا ہے۔دافع صفرا ہوتا ہے۔بھوک لگاتا ہے اور پیاس کو تسکین دیتا ہے۔اس کے استعمال سے پیٹ ہلکا اور نرم ہو جاتا ہے۔
لیموں قبض کشا بھی ہے۔گردے اور مثانے کی پتھری کو لیموں کی سکنجبین نکال سکتی ہے۔
متلی اور قے میں بے حد مفید ہے۔تازہ لیموں کی سکنجبین بنا کر بخار میں پلانے سے افاقہ ہوتا ہے۔ملیریا بخار کی صورت میں لیموں کو نمک اور مرچ سیاہ لگا کر چوسنا بخار کی شدت کو کم کرتا ہے۔خون کے جوش کو ٹھیک کرتا ہے۔معدہ اور جگر کو قوت دیتا ہے اور خاص طور پر جگر کے گرم مواد کا جاذب ہے۔لیموں کو کاٹ کر اگر چہرے پر ملا جائے تو چھائیاں اور کیل مہاسے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔
اگر دانتوں سے خون آتا ہو تو ایک عدد لیموں کا رس، ایک گلاس نیم گرم پانی اور شہد دو بڑے چمچے ملا کر روزانہ غرارے کرنے سے یہ بیماری دور ہو جاتی ہے۔لیموں کا تازہ رس سر سے لے کر پاؤں تک پوری جسمانی مشینری کو اوورہال کرتا ہے اور اس کا اعتدال کے ساتھ استعمال صحت کا ضامن ہے۔لیموں کو سونگھنا نزلہ کو بند کرتا ہے۔یرقان میں لیموں کے رس کا استعمال بے حد مفید ہے سکنجبین بنا کر دن میں تین بار استعمال کریں۔
بعض دفعہ لیموں کے رس کو شہد میں ملا کر چٹانے سے کھانسی ٹھیک ہو جاتی ہے۔
لیموں کا رس بیسن میں ملا کر چہرے پر لگانے سے داغ‘ دھبے دور ہو جاتے ہیں۔تازہ لیموں کے چھلکے سے روغن لیموں تیار کیا جاتا ہے جو پیٹ کی گیس میں بے حد مفید ہے۔بیرونی ممالک میں لیموں کے چھلکوں سے مربہ بنایا جاتا ہے جس کو ماملیڈ کہتے ہیں۔لیموں کا اچار بڑھی ہوئی تلی کیلئے مفید ہوتا ہے۔
چاولوں کو ابالتے وقت اگر ایک چمچ لیموں کا رس اس میں ڈال دیا جائے تو چاول خوش رنگ اور خوشبودار بنتے ہیں۔روسٹ اشیاء پر لیموں نچوڑ کر کھایا جائے تو کھانے کا ذائقہ اچھا ہو جاتا ہے اور کھانا ہضم بھی جلدی ہو جاتا ہے۔مچھلی کی بو دور کرنے کیلئے اس پر لیموں مل کر رکھنا چاہئے اس سے مچھلی خوش ذائقہ بھی پکتی ہے۔لیموں کے چھلکوں سے دانت صاف کرنے سے دانت درد کی شکایت نہیں ہوتی۔لیموں کا رس بیرونی طور پر جلد کو نرم اور حسین بناتا ہے۔وزن کم کرنے کیلئے لیموں کا رس دو چمچے، شہد دو چمچے ایک گلاس پانی میں ملا کر صبح نہار منہ پینا بہت مفید ہے۔دو ہفتے کے مسلسل استعمال سے وزن میں کمی آتی ہے۔