نئی دہلی:کرکٹ آسٹریلیا کے پورٹل پر ساؤتھ ایشین کرکٹرز کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور اس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے بعد رجسٹریشن میں اضافہ ہوا۔
رواں برس بھی پاکستان نے وائٹ بال اور بھارت نے ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے، بھارت کی ویمن ٹیم کا بھی دورۂ آسٹریلیا شیڈول ہے، اس لیے بھی رجسٹریشن پر مثبت فرق پڑا ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے پورٹل پر ہر طرز اور ہر سطح کے کرکٹر کو رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ساؤتھ ایشین کرکٹرز کے رجسٹریشن کرانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے اور بھارت کی مین اینڈ ویمن ٹیم اور پاکستان ٹیم کے دورۂ آسٹریلیا سے رجحان میں مزید اضافہ ہو گا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ملٹی کلچرل ایکشن پلان ترتیب دینے سے بھی مختلف کمیونیٹیز کو آگے آنے کا موقع ملا اور اب ساؤتھ ایشین ٹیموں کے دورہ آسٹریلیا کی وجہ سے فینز میں مزید جوش و خروش بڑھے گا۔
رپورٹ کے مطابق سنگھ نام رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں رجسٹریشن کرائی اور سمتھ نام والوں کو پیچھے چھوڑ دیا، سنگھ نام رکھنے والوں کی تعداد 4262 جبکہ سمتھ کی تعداد 2364 رہی، خان، شرما اور کمار نام رکھنے والے کرکٹرز نے بھی رجسٹریشن کرائی۔
پارٹیسپیشن ہیڈ کرکٹ آسٹریلیا جیمز کوارمبے کا کہنا ہے کہ ملٹی کلچرل کمیونیٹیز کی وجہ سے رجسٹریشن میں اضافہ شاندار ہے، ہم چاہتے ہیں کمیونیٹیز اہم رول ادا کریں۔