ریاض:سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ روز ریاض میں یوکرینی صدر ولادیمیرزیلنسکی کا خیر مقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق باضابطہ ملاقات میں دونوں رہناموں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب اور یوکرین کے مابین تعلقات کے علاوہ ’ یوکرین و روسی‘ بحران کےحوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرینی صدر کو یقین دلایا کہ مملکت کی جانب سے بحران کو حل کرنے اور امن کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں جاری رکھیں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان یوکرینی صدر کا خیر مقدم کر رہے ہیںشہزادہ محمد بن سلمان یوکرینی صدر کا خیر مقدم کر رہے ہیں
یوکرینی صدر نے بحران کے حل کے حوالے سےمملکت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے قائدین مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں یوکرینی صدر اپنے وفد کے ہمراہ مختصر دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال نائب گورنر ریاض ریجن شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے کیا۔
ان کے ہمراہ وزیر مملکت اور رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان کے علاوہ میئرریاض شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز بن عیاف بھی موجود تھے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رائل ٹرمنل سے ایواں شاہی لے جایا گیا۔