
قاہرہ:دنیا اور عرب خطے میں آئندہ اتوار 7 ستمبر کی شام کو ایک نایاب فلکیاتی مظہر مکمل چاند گرہن کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ اس چاند گرہن کو کسی بھی خاص آلے کے بغیر برہنہ آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ گرہن اس سال کے نمایاں فلکیاتی واقعات میں سے ایک ہے اور اس کا وقت ربیع الاول 1447 ہجری کے مہینے میں مکمل چاند کے ساتھ موافق ہے۔ توقع ہے اس کے مراحل پانچ گھنٹے سے زیادہ جاری رہیں گے۔
قومی فلکیاتی اور جیو فزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں شمسی تحقیق کے پروفیسر ڈاکٹر محمد غریب نے “العربیہ ڈاٹ نیٹ” اور “الحدث ڈاٹ نیٹ” کو بتایا کہ گرہن کے عروج پر چاند 136.2 فیصد زمین کے سائے میں مکمل طور پر غائب ہو جائے گا جس کا مطلب ہے کہ سایہ چاند کی سطح کے ایک بڑے حصے کو ڈھک لے گا۔ یہ ایک خوبصورت فلکیاتی منظر پیش کرے گا جسے آنکھوں کے لیے کسی بھی خطرے کے بغیر ننگی آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ سورج گرہن جس کے لیے خاص حفاظتی ذرائع کی ضرورت ہوتی ہے کے برعکس ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرہن کے تمام مراحل میں تقریباً پانچ گھنٹے اور 27 منٹ لگیں گے جس میں سے تقریباً ایک گھنٹہ اور 22 منٹ تک چاند مکمل گرہن کی حالت میں رہے گا۔ پہلا مرحلہ قاہرہ کے وقت کے مطابق شام 6:28 پر شروع ہوگا جب چاند ہلکے سائے کے علاقے میں داخل ہوگا۔ اس کے بعد جزوی گرہن شام 7:27 پر شروع ہوگا۔ مکمل گرہن شام 8:31 پر شروع ہو کر رات 9:12 پر اپنے عروج پر پہنچے گا۔ اس کے بعد چاند آہستہ آہستہ زمین کے سائے سے باہر نکلنا شروع کرے گا اور یہ مظہر رات 11:55 پر مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
شمسی تحقیق کے پروفیسر نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ یہ مظہر ان تمام علاقوں میں واضح طور پر دکھائی دے گا جہاں اس وقت چاند طلوع ہوگا۔ ان علاقوں میں افریقہ، یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، دونوں امریکہ اور بحر اور شمالی و جنوبی قطبین شامل ہیں۔
ڈاکٹر محمد غریب نے وضاحت کی ہے کہ چاند گرہن کی سائنسی اہمیت ہے کیونکہ یہ ہجری مہینوں کے آغاز کی تصدیق میں مدد کرتا ہے۔ گرہن تبھی ہوتا ہے جب چاند اپنی مکمل شکل میں ہو اور زمین اور سورج کے ساتھ ایک مدار پر ہو جس کی وجہ سے یہ زمین کے سائے میں داخل ہو کر تاریک دکھائی دیتا ہے۔
قومی فلکیاتی اور جیو فزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں شمسی تحقیق کے لیب کے سربراہ ڈاکٹر یاسر عبدالفتاح نے “العربیہ ڈاٹ نیٹ” اور “الحدث ڈاٹ نیٹ” کو خصوصی طور پر بتایاکہ قاہرہ کے مقامی موسم گرما کے وقت کے مطابق، چاند شام 6:28 پر زمین کے ہلکے سائے کے علاقے میں داخل ہونا شروع کرے گا۔ یہ مرحلہ ننگی آنکھ سے نہیں دیکھا جا سکتاکیونکہ سورج کی روشنی اس تک پہنچنے کی وجہ سے چاند میں گرہن شروع نہیں ہوا ہوتا۔ اس کے بعدجزوی گرہن شام 7:27 پر شروع ہوگا جب چاند کا مشرقی کنارہ زمین کے سائے کے علاقے میں داخل ہو گا جہاں دیکھنے والے چاند کی روشنی میں فرق محسوس کریں گے اور زمین کے سائے کی تاریکی چاند کی سطح پر ظاہر ہونا شروع ہو جائے گی۔ جزوی گرہن جاری رہے گا اور وقت کے ساتھ چاند کی سطح شام 8:31 پر مکمل طور پر تاریک ہو جائے گی جہاں مکمل چاند گرہن شروع ہو جائے گا، اور چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں آ جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مکمل چاند گرہن رات 9:12 پر اپنے عروج پر پہنچے گا جو ربیع الاول 1447 ہجری کے مہینے کی مکمل چاند کے وقت کے ساتھ موافق ہے۔ اس کے بعد چاند کا مشرقی کنارہ رات 9:53 پر زمین کے مکمل سائے سے باہر نکلنا شروع کرے گا اور اس طرح مکمل چاند گرہن کا مرحلہ ختم ہو جائے گا۔ جب چاند رات 10:56 پر زمین کے مکمل سائے سے ہلکے سائے کے علاقے میں داخل ہوگا تو یہ جزوی چاند گرہن کے اختتام کا لمحہ ہوگا۔ اور آخر میں چاند رات 11:55 پر زمین کے ہلکے سائے کے علاقے سے باہر نکل جائے گا۔
جہاں تک چاند کے سرخ یا نارنجی رنگ میں نظر آنے کی وجہ ہے۔ شمسی تحقیق کے پروفیسر نے بتایا کہ اس کی وجہ زمین کے ماحول میں موجود گیسیں اور گرد و غبار ہیں جو سورج کی روشنی کے زمین کے ماحول سے ٹوٹنے کا باعث بنتے ہیں جس کے نتیجے میں چاند خونی سرخ یا نارنجی رنگ میں دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصر میں قومی فلکیاتی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اس مظہر کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کرے گا جو اسی مہینے کی 27 تاریخ کو شروع ہوگی جہاں انسٹی ٹیوٹ کے دروازے ان شہریوں کے لیے کھولے جائیں گے جو اس مظہر کو قریب سے دیکھنا چاہتے ہیں اور دلچسپی رکھنے والوں کو اس فلکیاتی مظہر کی وضاحت کے لیے لیکچرز اور سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے۔