
نئی دہلی:بدھ کی شام دہلی-این سی آر میں موسم نے اچانک کروٹ لی۔ شام تقریباً 8 بجے دہلی اور نوئیڈا میں تیز آندھی آئی، جو اتنی شدید تھی کہ ہائی وے پر چلنے والی گاڑیاں کچھ دیر کے لیے روک دی گئیں۔ تیز آندھی کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت جڑ سے اُکھڑ گئے اور بجلی کے کھمبے بھی گر گئے۔ آندھی کے بعد بارش شروع ہوئی اور کئی علاقوں میں ژالہ باری (اولے) بھی ہوئی۔ آندھی، طوفان اور بارش کے دوران دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں بجلی چلی گئی۔
آج بھی دہلی اور نوئیڈا میں موسم نے اچانک رُخ بدل لیا۔ دہلی کے کئی علاقوں میں شدید بارش کے ساتھ اولے گرے، جبکہ نوئیڈا میں تیز آندھی کا قہر دیکھا گیا۔ دہلی میں پچھلے دو دنوں سے درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ چکا تھا، لیکن رات تقریباً 8 بجے تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ موسم تبدیل ہو گیا، جس کے سبب کئی علاقوں میں بجلی بند ہو گئی اور جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا۔
دہلی-این سی آر میں پہلے تیز آندھی آئی، اس کے بعد زور دار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ مانسون سے قبل کی اس شدید بارش نے لوگوں کو گرمی سے کچھ راحت ضرور دی، لیکن تیز آندھی کی وجہ سے کئی درخت زمین بوس ہو گئے۔ نوئیڈا میں بھی آندھی کے سبب کئی درخت گر گئے۔ بادلوں کی گرج اور چمک کے ساتھ زوردار بارش جاری ہے۔
خراب موسم کے باعث پروازوں پر بھی اثر پڑا ہے۔ دہلی، چندی گڑھ اور کولکتہ کی فضائی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ دہلی ایئرپورٹ نے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔