Tuesday, July 8, 2025
Homeدنیایمن کی الحدیدہ بندرگاہ پراسرائیلی بمباری، ایک شخص کی موت، 9 زخمی

یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پراسرائیلی بمباری، ایک شخص کی موت، 9 زخمی

صنعا:جمعہ کے روز حوثی گروپ نے اعلان کیا کہ یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ پر اسرائیلی بمباری میں ایک شخص ہلاک اور 9 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
حوثیوں کی غیر تسلیم شدہ حکومت کی وزارت صحت نے جرمن خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ الصلیف بندرگاہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 3 دیگر زخمی ہوئے اور الحدیدہ بندرگاہ پر ہونے والے حملوں میں 6 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ یہ ابھی تک کی حتمی تعداد نہیں ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی کے مطابق اسرائیل نے حوثیوں کے زیر کنٹرول الصلیف اور الحدیدہ کی بندرگاہوں کو نشانہ بناتے ہوئے 30 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں۔ العربیہ/الحدث کے ذرائع نے جمعہ کے روز اطلاع دی کہ یمن کے مغرب میں الحدیدہ اور الصلیف کی بندرگاہوں کو نشانہ بناتے ہوئے 10 سے زائد اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے۔
حوثی میڈیا نے بھی اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے الحدیدہ کے مغرب میں الصلیف کی بندرگاہ کو نشانہ بنائے جانے کا اعتراف کیا ہے۔ اس بندرگاہ کو حوثی عام طور پر اناج، سامان اور تعمیراتی مواد کی درآمد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے جمعہ کے روز یمن میں حوثی گروپ کے زیر کنٹرول بندرگاہوں پر حملہ کیا اور انہیں شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے ایک بیان میں گروپ کے رہنما عبدالملک الحوثی کا پیچھا کر کے اسے ہلاک کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یمنی حوثی گروپ کے ترجمان “المسیرہ” چینل نے بتایا ہے کہ حملوں میں مغربی یمن کے صوبہ الحدیدہ میں واقع راس عیسیٰ، الحدیدہ اور الصلیف کی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی چینل 13 نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے دورے کے اختتام کا انتظار کر رہا تھا تاکہ یمن پر اپنے حملے دوبارہ شروع کر سکے۔ اسرائیلی فوج نے چند روز قبل ایک انتباہ جاری کیا تھا جس میں تینوں بندرگاہوں کو خالی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ تینوں بندرگا ہیں ایران کے اتحادی حوثی گروپ کے زیر استعمال ہیں۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments