
نئی دہلی:سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن سی بی ایس ای نے دسویں جماعت کے امتحان کا نتیجہ جاری کر دیا ہے۔ اس بار 93.66فیصدطلبہ نے امتحان پاس کیا ہے۔سی بی ایس ای کی آفیشل ویب سائٹ کے علاوہ، طلباڈیجی لاکر پر بھی نتیجہ دیکھ سکتے ہیں، جس تک رسائی بورڈ نے طلباء کو پہلے ہی دے دی ہے۔
اس بار سی بی ایس ای بورڈ 10ویں کے امتحان میں تقریباً 23 لاکھ طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 22 لاکھ طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ اس میں ایک بار پھر لڑکیوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس مرتبہ 95فیصد لڑکیاں کامیاب ہوئی ہیں جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 92.63فیصدہے۔ طلباء گزشتہ کئی دنوں سے نتیجہ کے جاری ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔ بورڈ نے اب نتیجہ جاری کر دیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ سال بھی بورڈ نے 13 مئی کو نتیجہ کا اعلان کیا تھا۔
سی بی ایس ای 10ویں کے نتائج میں تقریباً 2 لاکھ طلبہ نے 90 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں، جن میں سے 45 ہزار طلبہ نے 95 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں۔ جبکہ 1 لاکھ 41 ہزار طلباء ایسے ہیں جنہیں اس بار کمپارٹمنٹ یعنی سپلیمنٹری امتحان دینا ہوگا جو جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں ہوگا۔