
نئی دہلی:پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر دہلی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ دریں اثنا، دہلی حکومت نے ہنگامی تیاریوں کے پیش نظر شہر کے تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ خصوصی سکریٹری نے ایک خط جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی تیاری کے پیش نظر، مجاز اتھارٹی نے ہدایت دی ہے کہ اگلے احکامات تک دہلی حکومت کے کسی بھی افسر/ملازم کو چھٹی نہیں دی جائے گی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ قومی راجدھانی میں ضلع مجسٹریٹ اپنے ماتحتوں کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں صحت اور آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس دوران دہلی پولیس کے ایک اہلکار نے کہا کہ پولیس چوکس اور متحرک رہے گی۔ رات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے، ہم ہر حساس علاقے میں اضافی نفری تعینات کریں گے۔
دیر شام جاری ایک حکم میں، دہلی حکومت کے محکمہ خدمات نے اپنے ملازمین کو اگلے احکامات تک چھٹی پر جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ دریں اثنا، مشرقی دہلی ضلع انتظامیہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ وہ فوری ردعمل کے طریقہ کار کا تجزیہ کر رہے ہیں اور کسی بھی کوتاہیوں کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
دہلی میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور اہم تنصیبات پر نیم فوجی دستوں سمیت اضافی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انڈیا گیٹ پر آنے والے سیاحوں کو وہاں سے ہٹنے کو کہا گیا اور وہاں ٹریفک کو کنٹرول کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اعلان کیا کہ لوگ انڈیا گیٹ کا علاقہ خالی کر دیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تمام زونز کے خصوصی کمشنر تمام 15 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی جمعرات کی شام اپنے عروج پر پہنچ گئی۔ جموں، پنجاب اور راجستھان کے کچھ حصوں میں پاکستان سے حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کا ہندوستانی فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔ فوج نے ان حملوں کو اینٹی ڈرون سسٹم سے ناکام بنایا۔