
نئی دہلی (پی ٹی آئی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی کے پیش نظر، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کی شب ملک کی سرحدی حفاظتی افواج کے سربراہان سے بات چیت کی، جن میں بی ایس ایف (بارڈر سیکیورٹی فورس) بھی شامل ہے جو پاکستان کے ساتھ سرحد کی نگرانی کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیر داخلہ نے بین الاقوامی سرحدوں پر موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا۔ یہ رابطہ اس وقت کیا گیا جب بدھ کو ہندوستانی افواج نے پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر(پی او کے) میں کئی اہداف پر کارروائی کی، جس کے بعد جمعرات کو پاکستان نے ہندوستانی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق، ہندوستانی مسلح افواج نے پاکستانی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
اس گفتگو کے دوران، مختلف سرحدی فورسز کے ڈائریکٹر جنرلز نے امیت شاہ کو حالیہ صورت حال، حفاظتی اقدامات اور سیکیورٹی کے اضافی انتظامات سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔
بی ایس ایف: ہندوستان-پاکستان اور ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد کی نگرانی کرتی ہے۔
آئی ٹی بی پی: ہندوستان-چین سرحد پر تعینات ہے۔
ایس ایس بی: نیپال اور بھوٹان کے ساتھ سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔
امت شاہ نے سی آئی ایس ایف (سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس) کے سربراہ سے بھی بات کی اور ملک کے ہوائی اڈوں پر سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لیا۔