
حیدرآباد (پریس ریلیز) اسکل انڈیا کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اور قابل روزگار، ہنر مند تکنیکی طبی کارکنان پیدا کرنے کے مقصد سے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے اسکول آف سائنسز کے تحت شعبۂ پیشہ ورانہ مطالعات اور فروغِ ہنر قائم کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کل باضابطہ طور پر شعبہ کے ویب پیج کا آغاز بھی کیا اور شعبہ کے مختلف الائیڈ ہیلتھ کورسز کے بارے میں پمفلٹ بھی جاری کیا گیا۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سید عین الحسن نے ویب پیج کے مواد اور ڈیزائن کی ستائش کی اور نئے شعبہ کی ترقی کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے عملے کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلے میں سبقت لے جانے کے لیے محنت، لگن اور خلوص کے ساتھ کام کریں۔ وائس چانسلر نئے اسکول آف سائنسز اور شعبہ پیشہ ورانہ مطالعات اور فروغِ ہنر کی عمارت کی تعمیر کے لیے ہائیر ایجوکیشن فینانشیل ایجنسی (ہیفا) میں داخل کی گئی درخواست کی پیشرفت کی جانکاری دی۔
اس موقع پر شعبہ حیوانیات کے سینئر پروفیسر پروفیسر پی فضل رحمٰن اور ڈین سکول آف سائنسز پروفیسر ایچ علیم باشا نے بھی مخاطب کیا۔اس موقع پر پروفیسر نجم الحسن، پروفیسر سلمان احمد خان، پروفیسر عارف احمد، پروفیسر رفیق ابو تراب سمیت شعبہ پیشہ ورانہ مطالعات و فروغِ ہنر کے اساتذہ موجود تھے۔ پروفیسر ایس مقبول احمد، نوڈل آفیسر نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا اور یونیورسٹی میں صحت کے متعلقہ کورسز اور ان کی اب تک کی کارکردگی کا تعارف پیش کیا۔ پروگرام کا اختتام ڈاکٹر کلثوم زہرہ کے شکریہ کے ساتھ ہوا۔