
نئی دہلی: کپواڑہ میں پاکستان کی فائرنگ: آپریشن سیندور کے باوجود پاکستان اپنی مذموم سرگرمیوں سے باز نہیں آرہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان نے آپریشن سیندور کے دوسرے دن بھی جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ پاکستان نے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول پر سرحد پار سے فائرنگ کی ہے۔ کپواڑہ کے کرناہ علاقے میں فائرنگ کی گئی ہے۔ جس کا بھارتی فوج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے کرناہ کے علاقے میں شہری علاقوں کو آدھی رات کے بعد نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان کی جانب سے مارٹر فائر کیے گئے۔ بھارتی مسلح افواج نے بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ابھی تک اس فائرنگ میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ بدھ کو ‘آپریشن سیندور’ کے بعد پاکستانی فوجیوں کی گولہ باری کے بعد کرناہ میں زیادہ تر شہری محفوظ علاقوں میں چلے گئے تھے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی سے پاکستان دنگ ہے۔ پہلگام حملے کے بعد، بھارت نے آپریشن سندور شروع کیا اور پاکستان کے اندر تقریباً 100 کلومیٹر تک دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ ہندوستانی فوج نے پاکستانی سرحد میں داخل ہوئے بغیر جیش محمد اور لشکر طیبہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ بھارت کے اس حملے نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ پاکستان دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی سے مایوس ہو کر کنٹرول لائن پر گولہ باری کر رہا ہے۔