
حیدرآباد(پریس ریلیز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو)کے اسٹاف ایسوسی ایشنزنے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے خلاف احتجاج کرنے اور دہشتگردوں کی مذمت کرنے کے لیے کینڈل لائٹ مارچ کا انعقاد کیا۔ جلوس نے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی اور متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا واضح پیغام دیا۔
ڈاکٹر شبانہ کیسر ، صدر مانو ٹیچرس ایسوسی ایشن اورفیڈکوٹاکی نائب صدر نے اس دہشتگردانہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پورا ہندوستان پہلگام میں معصوم سیاحوں پر وحشیانہ حملے کے خلاف متحد ہے اور چاہتا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت کی جائے اور انہیں مناسب سزا دی جائے۔
ڈاکٹر اسلم پرویز،سیکریٹری ، مانو آفیسرز ایسوسی ایشن نے بھی اس بے رحمانہ فعل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کوئی بھی مذہب نفرت کا درس نہیں دیتا اور کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی کو کسی بھی بنیاد پر جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
شیخ نوید ، صدر مانو ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اس واقع کو نہ صرف سیاحوں پر بلکہ پوری قوم پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت ہند کو مستقبل میں ایسے حملوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہیے ۔
ڈاکٹر جمیل احمد، دھرم جیت، شاہنواز علی قریشی اور دیگر نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔
یہ کینڈل لائٹ مارچ انتظامی عمارت سے شروع ہو کر مین گیٹ پر اختتام پذیر ہوا۔یونیورسٹی کے اساتذہ، افسران، اسٹاف ممبران اور طلباءکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔