
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاملات ٹھیک چل رہے ہیں۔انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج ہفتے کو سلطنت عمان میں ہو رہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز صحافیوں کو بتایاکہ “ہم ایرانی مسئلے کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر معاملات کر رہے ہیں”۔
یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب ٹائم میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ایرانی صدر مسعود پیزشکیان یا سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے ملاقات کے لیے تیار ہیں جب کہ ان کا ملک جوہری معاملے پر ایرانی فریق کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات شروع ہونے کے بعد ایران کی اعلیٰ قیادت کے ارکان سے ملاقات پر آمادگی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’یقیناً ایسا ممکن ہے‘۔
تاہم انہوں نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ ان کا ملک تہران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ فوجی تنازع میں اسرائیل کا ساتھ دے سکتا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ تہران کے ساتھ جنگ کرنے کے بجائے اس کے ساتھ معاہدے کو ترجیح دیں گے۔
توقع ہے کہ مذاکرات کا تیسرا دور آج ہفتے کو سلطنت عمان میں ہوگا جس میں ایرانی وفد جس کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے اور امریکہ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹ کوف کی سربراہی میں امریکی وفد بھی مذاکرات میں شرکت کرے گا۔ وٹ کوف نے مسقط اور روم میں مذاکرات کے دو پچھلے راؤنڈز کو مثبت اور تعمیری قرار دیا گیا تھا۔