Monday, May 5, 2025
Homeہندوستانپہلگام سانحہ کے خلاف جمعہ کی نماز کے وقت کالی پٹیاں باندھیں:...

پہلگام سانحہ کے خلاف جمعہ کی نماز کے وقت کالی پٹیاں باندھیں: اویسی کی اپیل

نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن پارلیمان اسدالدین اویسی نے ملک کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کے روز جب نماز پڑھنے مسجد جائیں تو اپنی بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر جائیں۔ انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کسی کو بھی اسلام کے نام پر معصوم لوگوں کے قتل کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اس لیے پہلگام دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کی جانی چاہیے۔ اویسی نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا: کل جب آپ نمازِ جمعہ کے لیے جائیں تو اپنی بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر جائیں۔ اس سے ہم یہ پیغام دیں گے کہ ہم ہندوستانی کسی بھی غیر ملکی طاقت کو ملک کے امن و اتحاد کو کمزور کرنے نہیں دیں گے۔ اس حملے کی وجہ سے شرپسند عناصر کو ہمارے کشمیری بھائیوں کو نشانہ بنانے کا موقع مل گیا ہے۔ میں تمام ہندوستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دشمن کے جال میں نہ پھنسیں۔
اس پیغام کے ساتھ اویسی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا جس میں وہ کہتے ہیں: “جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کے لشکرِ طیبہ کے دہشت گردوں نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں 27 سے زائد ہم وطنوں کو شہید کیا ہے۔ کئی لوگ زخمی ہیں اور زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: اس دہشت گردانہ اور بہیمانہ ظلم کے خلاف میری آپ سب سے گزارش ہے کہ جب کل آپ جمعہ کی نماز کے لیے مسجد جائیں تو اپنی بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر جائیں۔
اس سے ہم دہشت گردوں کو یہ پیغام دے سکیں گے کہ ہم ان کی اس وحشیانہ حرکت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم کبھی بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی بھی اسلام کا سہارا لے کر معصوم لوگوں کا قتل کرے۔ ہم کسی بھی صورت میں یہ برداشت نہیں کریں گے کہ باہر کی طاقتیں آ کر ہمارے ہم وطنوں کی جانیں لیں۔ لہٰذا ہم اس ظلم کی کھل کر مذمت کریں اور جمعہ کی نماز کے موقع پر سیاہ پٹی باندھ کر مسجد جائیں۔
یاد رہے کہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں منگل کے روز دہشت گردوں نے سیاحوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد پورے ملک میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ملک بھر میں اس حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments