
ریاض:سعودی عرب کی ریلوے کمپنی (ایس اے آر) کے ترجمان خالد الفرحان نے انکشاف کیا کہ مکہ مکرمہ میں حرمین ایکسپریس ریل اسٹیشن پر روزانہ ٹرپس کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔ٹرین کے ذریعے اوسطاً 50 مسافروں کی آمد اور 50 کی روانگی ہورہی ہے۔یہ تعداد حرمین ٹرین کے لیے اعلیٰ سطح کے آپریشن کی نمائندگی کرتا ہے جن کی تعداد روزانہ 130 تک پہنچتی ہے۔
العربیہ سے بات کرتے ہوئے الفرحان نے کہا کہ حرمین ٹرین نے ایک ہی دن میں 48000 مسافروں کو لے جانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ٹرین عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے مکہ مکرمہ تک پہنچنے کا تیز ترین اور سستا ذریعہ ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ “اس سال کے رمضان کے موسم میں حرمین ہائی اسپیڈ ریل کے مسافروں کی تعداد تقریباً 4080 مسافروں تک پہنچ گئی۔ جو کہ حرمین ٹرین کی تاریخ میں اس کے آپریشن کے بعد سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔
الفرحان نے حرمین ٹرین کے فوائد اورسہولیات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سروس سے مکہ مکرمہ کی کی طرف سفر کرنے والی بسوں اور ٹیکسیوں کے مہنگے سفر کے بجائے مسجد حرام تک براہ راست رسائی میں مدد ملتی ہے۔
ان میں معمر افراد اور معذور افراد کے لیے ایک نئی سروس بھی شامل کی گئی ہے، جس میں کچھ تنظیموں کے تعاون سے ان کے لیے خصوصی بسیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ انھیں چوبیس گھنٹے مفت میں براہ راست مسجد حرام تک پہنچایا جا سکے۔
حرمین ایکسپریس کے ترجمان نے نشاندہی کی کہ اس سال حرمین ٹریک کے ٹکٹ کی قیمتیں دیگر ذرائع آمدورفت کے مقابلے میں سب سے کم ہیں، کیونکہ جدہ کے مرکزی اسٹیشن سے مکہ اسٹیشن تک پہنچنے کے لیے صرف 23 ریال کا ٹکٹ ہے۔ ائرپورٹ اسٹیشن سے مکہ مکرمہ تک پہنچنے کے لیے 34 ریال مقرر ہیں۔سڑکوں پر ٹریفک کے ھجوم کے دوران دیگر سروسزسے مسافروں کو طویل وقت انتظار کرنا پڑتا ہے جب کہ حرمین ایکسپریس کے ذریعے مرکزی اسٹیشن سے مکہ مکرمہ تک صرف 35 منٹ لگتے ہیں۔ کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ اسٹیشن تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے، اور مدینہ اسٹیشن جو مسجد نبویﷺ اور مکہ مکرمہ اسٹیشن کے درمیان ہے تقریباً دو گھنٹے کا فاصلہ ہے ۔