
قاہرہ:مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا ہے کہ عبوری دور میں غزہ کی پٹی کے انتظام میں کسی فلسطینی دھڑے کا کوئی کردار نہیں ہے۔ ایک آزاد فلسطینی کمیٹی عبوری دور میں غزہ کا انتظام سنبھالے گی۔
عبدالعاطی نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کایا کالس کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ فلسطینی اتھارٹی چھ ماہ کے عبوری دور کے بعد غزہ کا انتظام سنبھالے گی۔
انہوں نے غزہ معاہدے کو اس کے تمام مراحل میں نافذ کرنے اور اس پر عمل کرنے کی طرف لوٹنے پر بھی زور دیا۔ مصری وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ بحیرہ احمر کی عسکریت پسندی کسی بھی فریق کو فائدہ نہیں پہنچا رہی۔ انہوں نے کہا جہاز رانی کی آزادی کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کو مکمل طور پر روکنا ہوگا۔
اس دوران کایا کالس نے وضاحت کی کہ یورپی یونین غزہ کی تعمیر نو کے عرب منصوبے کی حمایت کرتی ہے اور اس کے نفاذ میں اپنا حصہ ڈالے گی۔
انہوں نے کہا ہم غزہ کے مستقبل میں حماس کی موجودگی کو مسترد کرتے ہیں۔ ہفتہ کے روز غزہ میں تحریک فتح کے ترجمان نے حماس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ “فلسطینی موجودگی” کو برقرار رکھنے کے لیے اقتدار سے الگ ہو جائیں۔