
نئی دہلی(ایجنسیاں)ایک کپ گرم ادرک اور ہلدی والی چائے روزانہ پینا مجموعی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ بہت سے لوگ جانتے ہیں کہ ادرک اور ہلدی میں انسداد سوزش کے اثرات ہوتے ہیں لیکن بہت کم لوگوں کو ہی اس طاقتور امتزاج کے اضافی فوائد کا علم ہے۔ ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کے مطابق یہ گولڈن چائے ہاضمے یا قوت مدافعت کے لیے فائدہ مند ہے اور روزمرہ کی زندگی میں بڑا فرق لا سکتی ہے۔
مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ ادرک اور ہلدی انسولین کی حساسیت کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں جس سے جسم کے لیے بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا آسان ہوجاتا ہے۔
بہت سے لوگ جانتے ہیں کہ ہلدی سوزش میں اچھی ہوتی ہے لیکن نئی بات یہ ہے کہ ہلدی میں موجود فعال مرکب کرکیومین کو یادداشت اور توجہ کو بہتر بنانے سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔ ادرک ، جو دماغ میں دوران خون کو فروغ دیتا ہے، کے ساتھ مل کر ہلدی اور ادرک کی چائے دماغی وضاحت کو فروغ دے سکتی اور آپ کو دن بھر چوکنا رہنے میں مدد دے سکتی ہے۔
اگر کوئی شخص صبح اٹھتے ہوئے جوڑوں کی اکڑن یا پٹھوں میں درد محسوس کرتا ہو تو ادرک اور ہلدی کی چائے اس کا بہترین حل ہو سکتی ہے۔دونوں اجزاء میں قدرتی درد سے نجات دلانے والی خصوصیات ہیں جو صبح کی سختی کو کم کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔ خاص طور پر جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد یا باقاعدگی سے ورزش کرنے والوں کے لیے یہ مدد گار چائے ہوگی۔ اس چائے کو روزانہ پینا وقت کے ساتھ ساتھ ہموار حرکت کو فروغ دے سکتا ہے۔
ادرک اور ہلدی کی چائے قدرتی زہر نکالنے کے عمل میں مدد کر سکتی ہے۔ ہلدی پت کی تشکیل کو بڑھاتی ہے اور چربی کو ہضم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ دوسری طرف ادرک ہاضمے میں مدد دیتی ہے اور جگر کی سوزش کو کم کرتی ہے۔ ایک ساتھ مل کر وہ ایک مؤثر ٹوکسیفائنگ فارمولہ بناتے اور جگر کو آسانی سے رواں رکھنے کے قابل بنا دیتے ہیں۔
بہت سے لوگ ہاضمے کے لیے ادرک کی چائے پیتے ہیں لیکن جب ہلدی کو ملایا جائے تو یہ آنتوں کی صحت کو ایک اور بہتر سطح پر لے جاتی ہے۔ یہ چائے آنتوں کے بیکٹیریا کو متوازن کرنے میں مدد کرتی ہے، اپھارہ کم کرتی ہے اور بہتر غذائی اجزاء کو جذب کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اگر کوئی اکثر بدہضمی یا پیٹ کی تکلیف کا شکار رہتا ہے تو ہلدی اور ادرک کا مشروب پینے سے اسے واضح فرق پڑتا ہے۔
لدی اور ادرک کی چائے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے جو فری ریڈیکلز سے لڑتے ہیں۔ یہ قبل از وقت عمر بڑھنے کی علامات جیسے جھریوں اور سست پن کو کم کرتے ہیں۔ یہ خون کی گردش کو بہتر بنانے میں بھی مدد کرتے ہیں۔ یہ چائے جلد کو قدرتی چمک دیتی ہے۔ اسے مستقل طور پر لینے سے وقت گزرنے کے ساتھ صحت مند اور زیادہ چمکیلی جلد ہو سکتی ہے۔
جہاں تک ادرک اور ہلدی کا مشروب بنانے کا طریقہ ہے تو اسے ادرک، ہلدی، کالی مرچ، لیموں کا رس اور پانی ملا کر اس وقت تک مکس کیا جائے جب تک یہ ہموار نہ ہو جائے۔ مکسچر کو باریک چھلنی یا گوج کے کپڑے سے فلٹر کرلیا جائے ۔ پھر شہد ڈال کر اچھی طرح مکس کر دیں۔ یہ مکسچر 30 سے 50 ملی لیٹر روزانہ لیا جا سکتا ہے۔