
لکھنؤ:اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے لیے مستقل ساؤنڈ کنٹرول کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہولی کی تقریبات کے دوران اونچی آواز میں ڈی جے میوزک پر سختی سے پابندی لگانے کی بھی ہدایت کی۔ ساتھ ہی حکام کو جانوروں کی اسمگلنگ پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سی ایم یوگی نے حکام کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر بینکوں، مالیاتی اداروں، دکانوں اور تجارتی اداروں سمیت اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جانوروں کی اسمگلنگ پر بھی کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کسی بھی قسم کی ملی بھگت میں ملوث اسمگلروں، گاڑیوں کے مالکان اور پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔
بیان کے مطابق، سی ایم یوگی نے علاقائی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پیوش موردیا کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع وار جائزہ لیں تاکہ ریاست میں جانوروں کی اسمگلنگ پر مکمل پابندی کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترقیاتی پروجیکٹوں کو تیز کرنے کے لیے، انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر جاری پروجیکٹ کے لیے نوڈل افسران کا تقرر کریں، ہفتہ وار معائنہ کریں اور پیش رفت رپورٹ پیش کریں۔
ہولیکا دہن، ہولی کی تقریبات اور شوبھا یاترا کے دوران سیکورٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے سخت نگرانی، ہجوم کے انتظام کو بہتر بنانے اور عقیدت مندوں اور زائرین کے ساتھ پولیس اہلکاروں کے احترام کے ساتھ برتاؤ کرنے پر زور دیا۔ سی ایم یوگی نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ وہ ہر پولیس اسٹیشن کے ٹاپ 10 مجرموں کی شناخت کریں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کریں اور ساتھ ہی پولیس بوتھوں اور گلابی بوتھوں پر پولیس کی باقاعدہ گشت، پیدل گشت اور موجودگی میں اضافہ کریں۔
اس دوران چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں اسٹریٹ وینڈرس کے لیے وینڈنگ زون بنائیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے یہ بھی کہا کہ وہ تمام گندم خریداری مراکز پر سستی خوراک، مفت پینے کے پانی اور کسانوں کے بیٹھنے کے مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ 2425 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے گندم کی خرید 17 مارچ سے ضلع کے 36 مراکز پر شروع ہوگی۔