Wednesday, February 26, 2025
Homeدنیادباؤ میں آ کر امریکہ سے جوہری مذاکرات نہیں کریں گے: ایران

دباؤ میں آ کر امریکہ سے جوہری مذاکرات نہیں کریں گے: ایران

تہران:ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران دباؤ اور دھمکیوں کے تحت اپنے جوہری پروگرام پر امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات نہیں کرے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے تہران میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جب تک زیادہ سے زیادہ دباؤ جاری رہے گا امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم نے “لاوروف کے ساتھ ایرانی جوہری پروگرام پر قریبی مشاورت کی ہے، کیونکہ ہماری ٹیمیں مسلسل رابطے میں ہیں اور ہم یہ رابطے جاری رکھیں گے.ہم نے مسٹر لاوروف کو تین یورپی ممالک کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے”۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر اپنے شراکت داروں روس اور چین کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھے گا۔ہم نے ایرانی جوہری پروگرام کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔ ہمارے ماہرین براہ راست رابطے میں ہیں اور ہم انہیں جاری رکھیں گے۔ جوہری پروگرام پر اپنے روسی اور چینی شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھیں گے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “جوہری مذاکرات کے بارے میں ایران کا موقف مکمل طور پر واضح ہے۔ ہم دباؤ، دھمکیوں یا پابندیوں کے تحت کسی بھی قسم کے مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے۔ اس لیے جب تک زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی جاری رہے گی، ہمارے اور امریکہ کے درمیان براہ راست مذاکرات نہیں ہوں گے”۔
اس موقعے پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ماسکو کو یقین ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق مسائل کے حل کے لیے سفارتی اقدامات ابھی بھی میز پر ہیں۔
لاوروف نے کہا کہ “ہم نے ایرانی جوہری پروگرام پر مشترکہ جامع منصوبہ بندی کے ارد گرد کی صورتحال کے بارے میں بہت بات کی ہے، ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سفارت کاری کا راستہ اب بھی موجود ہے، اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اور اسے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کسی دھمکی یا حل کے اشارے کے بغیر زیادہ سے زیادہ مؤثر طریقے سے استعمال کیا جانا چاہیے”۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ ’معاہدہ کرنا پسند کریں گے‘ لیکن ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ بات چیت موجودہ وقت سود مند نہیں۔
سنہ 2018 اپنی پچھلی مدت صدارت کے دوران ٹرمپ نے تہران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے سے دستبرداری اختیار کی اور ایران کی معیشت کو شدید نقصان پہنچانے والی پابندیاں دوبارہ لگائی تھیں۔ اس کے بعد تہران نے معاہدے کی جوہری پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے اور جو بائیڈن انتظامیہ کے تحت معاہدے کو بحال کرنے کی کوششیں ناکام ہو گئی تھیں۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments