نئی دہلی : دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے، عام آدمی پارٹی کے کئی ایم ایل ایز نے استعفیٰ دینے کے بعد ہفتہ کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ یہ ایم ایل اے دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا اور بائی جینت جئے پانڈا کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوئے۔
عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے لیڈروں میں آدرش نگر سے پون شرما، ماڑی پور سے گریش سونی، جنک پوری سے راجیش رشی، بجواسن سے بی ایس جون، پالم سے بھاونا گوڑ، ترلوک پوری سے روہت مہرولیا، کستوربا نگر سے مدن لال اور مہرولی سے نریش یادو شامل ہیں۔ بی جے پی میں شامل ہونے والے تمام وہ ایم ایل اے ہیں جنہیں عام آدمی پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا جس کے سبب ناراض تھے۔
آپ کو بتا دیں کہ جمعہ (31 جنوری) کو عام آدمی پارٹی کو جھٹکا دیتے ہوئے 8 ایم ایل ایز نے پارٹی کو الوداع کہہ دیا تھا۔ اب یہ ایم ایل اے بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ ایم ایل اے الیکشن کے لیے ٹکٹ نہ دیے جانے سے ناراض تھے اور دوسری پارٹیوں سے رابطے میں تھے۔ کچھ ایم ایل اے نے اپنے استعفے سوشل میڈیا پر شیئر کیے اور بدعنوانی اور دیگر مسائل پر عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنایا۔
استعفیٰ دینے والے ایم ایل اے پر تنقید کرتے ہوئے آپ کی قومی ترجمان رینا گپتا نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے کرائے گئے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ سبھی اپنے اپنے حلقوں میں عوام کے لیے دستیاب نہیں تھے اور اس لیے انہیں انتخابات میں ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے منفی نتائج کی وجہ سے ہم نے انہیں ٹکٹ نہیں دیا۔ ٹکٹ نہ ملنے کے بعد اب وہ دوسری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، یہ کوئی بڑی بات نہیں۔ یہ سیاست کا حصہ ہے۔