علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عبدالبصیر خان (اے بی کے) ہائی اسکول (گرلز) کی نویں اور دسویں جماعت کی طالبات کے لیے راشٹرپتی بھون، سائنس سینٹر اور ہینڈی کرافٹ اکیڈمی، نئی دہلی کے ایک تعلیمی دورے کا اہتمام کیا گیا، تاکہ وہ تاریخ، سیاست اور حکمرانی کے طور طریقوں سے واقفیت حاصلکر سکیں۔ ایک گائیڈ نے لڑکیوں کے گروپ کو راشٹرپتی بھون کی تاریخ، فن تعمیر اور تاریخی اہمیت کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
طالبات نے سائنس میوزیم کا بھی دورہ کیا اور ملک کے ماضی اور ورثے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے خوبصورتی سے منظم کیے گئے باغات اور میدان دیکھے اور پرسکون ماحول سے لطف اندوز ہوئیں۔ طالبات کو راشٹرپتی بھون کے افسروں اور عملے کے ساتھ بات چیت کرنے کا بھی موقع ملا اور انہیں صدارتی انتظامیہ اور یوم آئین سے متعلق تقریبات میں صدر جمہوریہ کی شرکت کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔ اس موقع پر انہوں نے آئینی اقدار کو برقرار رکھنے کا حلف بھی لیا۔
اسکول کی وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے دورہ کی اجازت اور تعاون فراہم کرنے پر یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔