نئی دہلی :برصغیر کے ممتاز صوفی بزرگ اور اولیا ہند کہلانے والے حضرت نظام الدین کا 721 واں عرس مبارک اپنے عروج پر ہے ۔جس کے تیسرے دن کی رونق میں پاکستانی سفارت کار اور چارج ڈی افیئرز اور زائرین نے بھی شرکت کی اور حضرت نظام الدین کی درگاہ پر عقیدت کی چادر اور پھول پیش کئے ۔
ہندوستان میں پاکستان کے چارج ڈی افیئرز سعد احمد وڑائچ نے صوفی بزرگ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے روایتی چادر چڑھائی۔ ملک کی خوش حالی کے لیے دعائیں کی ۔
تقریب میں چارج ڈی افیئرز نے اسلام کے بنیادی اصولوں کے مطابق عالمگیر بھائی چارے، محبت اور رواداری کو فروغ دینے میں صوفی بزرگوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ان کے مضبوط کردار اور اخلاقی سالمیت کے ذریعے کمیونٹیز کو متاثر کرنے میں ان کی اہم شراکت کا اعتراف کیا۔
اس موقع پر حضرت نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کے کی تقریبات میں شرکت کے لیے ہندوستان آنے والے 75 زائرین کا گروپ بھی موجود تھا۔ مزار پر روایتی چادر چڑھانے کے بعد شرکاء نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔
پاکستانی سفارت خانہ کے مطابق چارج ڈی افیئرز اور آنے والے زائرین نے بھی صوفی تاریخ کی ایک اور ممتاز شخصیت حضرت امیر خسرو رضی اللہ عنہ کی قریبی درگاہ پر حاضری دی۔سجادہ نشین نے زائرین کے ناظم الامور اور گروپ لیڈر کی دستار بندی (روایتی پگڑی) بھی کی۔
یاد رہے کہ عرس کے دوران سیاستداں بھی مزار پر حاضری دینے کے لیے آرہے ہیں ۔ ٹی پی سی سی کے صدر ریونت ریڈی نے سابق کرکٹر اور کانگریس لیڈر محمد اظہر الدین کے ساتھ دہلی میں حضرت نظام الدین درگاہ پر حاضری دی اور چادر چڑھائی اور اس کے بعد خصوصی دعا میں شرکت کی۔