بیروت:لبنان پر مسلسل اسرائیلی حملوں کی روشنی میں تل ابیب میں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی۔ یہ آواز لبنان سے داغے گئے دو میزائلوں کے ساحلی شہر کے ساحل پر پھٹنے کی تھی۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے تل ابیب کے وسیع تر علاقے کی جانب میزائل داغے جانے کا بتایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک اور بیان میں یہ بھی کہا کہ ایک میزائل لبنان کی سرزمین سے داغے جانے کا پتہ چلا اور وہ ملک کے وسط میں ایک کھلے علاقے میں جا گرا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے بحیرہ روم میں پانچ ڈرونز کو اسرائیل میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا۔
اسرائیل ایئرپورٹس اتھارٹی نے بین گوریون ایئرپورٹ پر مختصر مدت کے لیے رکنے کے بعد فضائی ٹریفک بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ ایک جگہ پر ایک مشکوک چیز دیکھی گئی تھی جس کی بنا پر ایئرپورٹ کو مختصر وقت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ فضائیہ نے ایئرپورٹ کو ٹیک آف کے لیے بند کرنے کی ہدایت کی کیونکہ فضائیہ بحیرہ روم میں اسرائیل کی طرف بڑھنے والے پانچ ڈرونز کا پیچھا کر رہی تھی۔ اسرائیل نے لبنان پر اپنی پرتشدد بمباری کو بڑھا دیا ہے۔
۔23 ستمبر کو جب سے اسرائیل نے لبنان میں اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے لبنان میں اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 1454 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ 10 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔