نئی دہلی:مالدیپ کے صدر محمد معیزو ہندوستان کے چار روزہ دورے پر دہلی پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت کے ہمراہ ان کی اہلیہ ساجدہ محمد بھی بھارت کا دورہ پر ہیں۔ صدر معیزو پالم میں ایئر فورس اسٹیشن پہنچے، جہاں ان کا استقبال وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے کیا۔
اس کے بعد معیزوراشٹرپتی بھون پہنچے، جہاں ان کا استقبال وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر دروپدی مرمو نے کیا۔
جہاں پہلے معیزو نے صدر مرمو سے ملاقات کی اور اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی۔ معیزو کے ہندوستانی وزراء سے تعارف کے بعد صدردروپدی مرمو اور پی ایم مودی نے مالدیپ کے وفد سے ملاقات کی۔ اس کے بعد صدر معیزو راج گھاٹ پہنچے اور مہاتما گاندھی کی سمادھی پرپھول چڑھائے، ان کے ساتھ ان کی اہلیہ ساجدہ محمد بھی موجود تھیں۔
مالدیپ کے صدر معیزونے تیسری بار ملک کا چارج سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی۔ تاہم یہ ان کا پہلا دو طرفہ دورہ ہندوستان ہے۔ معیزو کے دورہ ہندوستان کے بارے میں وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ اس دورے سے ہندوستان اور مالدیپ کے تعلقات مضبوط ہوں گے اور ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوگا۔
صدر معیزو کے مالدیپ کی کمان سنبھالنے کے بعد ہندوستان اور مالدیپ کے تعلقات میں دراڑ پیدا ہوگئی۔ اس کے بعد ایک بار پھر مالدیپ کی طرف سے تعلقات کو مضبوط کرنے کی پہل کی جا رہی ہے جس میں بھارت نے بھی ہاتھ بڑھایا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق، اپنے دورہ ہندوستان کے دوران صدر معیزوپی ایم مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر اہم بات چیت کریں گے۔ وہ دہلی کے ساتھ ساتھ ممبئی اور بنگلور بھی جائیں گے اور صنعتی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔