Monday, December 23, 2024
Homeہندوستانسنجے جھا جنتادل یو کے قومی ورکنگ صدر منتخب

سنجے جھا جنتادل یو کے قومی ورکنگ صدر منتخب

نئی دہلی: جنتا دل یونائیٹڈ کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ دہلی میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں سنجے جھا کو پارٹی کا قومی ورکنگ صدر بنایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں پارٹی کے سبھی اعلیٰ لیڈران موجود تھے۔ اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں منعقدہ جے ڈی یو نیشنل ایگزیکٹیو میٹنگ میں خود سی ایم نتیش کمار نے سنجے جھا کو ورکنگ صدر بنانے کی تجویز پیش کی۔
پارٹی کارکنوں اور لیڈروں نے سنجے جھا کو ورکنگ صدر بنائے جانے پر مبارکباد دی۔ وہ بہار کے مدھوبنی ضلع کے جھانجھر پور علاقے کے ارادیہ گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ سنجے جھا جے ڈی یو میں شامل ہونے سے پہلے بی جے پی میں تھے۔ برہمن برادری سے تعلق رکھنے والے سنجے جھا متھیلانچل میں جے ڈی یو کے بڑے لیڈر مانے جاتے ہیں۔
سنجے جھا راجیہ سبھا کے رکن اور پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ہیں۔ سنجے جھا نے 2014 میں دربھنگا سے لوک سبھا الیکشن لڑا تھا، لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد وہ ایم ایل سی بنے اور 2014 سے 2024 تک بہار حکومت میں وزیر رہے۔ میٹنگ کے بعد جے ڈی یو لیڈر اشوک چودھری نے کہا کہ تنظیم کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کی ذمہ داری سنجے جھا کو سونپی گئی ہے۔
سنجے جھا کے بی جے پی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اس لیے پارٹی سنجے جھا کے ذریعے اسمبلی انتخابات میں بہتر شرائط پر بی جے پی کے ساتھ معاہدہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس وقت نتیش کمار جے ڈی یو کے صدر ہیں اور ان سے پہلے جارج فرنانڈیس، شرد یادو، نتیش کمار، آر سی پی سنگھ، للن سنگھ جے ڈی یو کے صدر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ نیشنل ایگزیکٹیو میٹنگ میں اسمبلی انتخابات کے لیے بوتھ سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔
بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جے ڈی یو کی اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جے ڈی یو کی میٹنگ میں جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں امیدوار کھڑا کرنے، ریزرویشن کی حد بڑھانے، بہار کو خصوصی پیکیج دینے یا خصوصی ریاست کا درجہ دینے کی تجویز پر بھی بات ہوئی۔ جے ڈی یو کی نیشنل ایگزیکٹیو میٹنگ میں این ای ای ٹی پیپر معاملے میں بے قاعدگیوں کی جانچ اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی کے دورے کے دوران سی ایم نتیش کمار بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اتحادی بی جے پی کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس بار جے ڈی یو بی جے پی سے مساوی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا مطالبہ کر سکتی ہے۔ میٹنگ کے بعد پارٹی ممبران پارلیمنٹ دہلی میں نتیش کمار سے بھی ملاقات کریں گے۔ نیشنل ایگزیکٹیو میٹنگ کے بعد جے ڈی یو لیڈر اشوک چودھری نے کہا، ‘بہار کے لیے خصوصی درجہ اور خصوصی پیکیج کا ہمارا مطالبہ پرانا ہے اور یہ آج بھی جاری ہے۔
ہمارے لیڈر للن سنگھ، سنجے جھا، جو لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ہیں، آنے والے وقت میں وزیر اعظم سے ملیں گے اور اپنے خیالات کو مضبوطی سے پیش کریں گے۔ جے ڈی یو کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے کہا، سی ایم نتیش کمار نے نیشنل ایگزیکٹیو کے سامنے اعلان کیا ہے کہ اب وہ ہمیشہ این ڈی اے اتحاد کا حصہ رہیں گے۔ ہم بہار ہائی کورٹ کی طرف سے روکے گئے ریزرویشن کو لے کر سپریم کورٹ جائیں گے۔ راجیہ سبھا کے رکن سنجے جھا کو قومی ورکنگ صدر بنایا گیا ہے۔ ہم خصوصی حیثیت اور اقتصادی پیکیج کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments