Monday, December 23, 2024
Homeدنیاایئر کریش میں انتقال کرنے والے ایرانی صدر کی تدفین جمعرات کو...

ایئر کریش میں انتقال کرنے والے ایرانی صدر کی تدفین جمعرات کو مشہد میں ہو گی

تہران:اتوار کے روز ہیلی کاپٹر حادثے میں اپنے ساتھیوں سمیت جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی تدفین جمعرات کی شام ان کے آبائی شہر مشہد میں کی جائے گی۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پانے والے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے وفد میں شامل سات ساتھیوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے سلسلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں ایرانیوں نے شرکت کی۔
آخری رسومات کا سلسلہ شمال مغربی شہر تبریز سے شروع ہوا ہے جہاں صدر ابراہیم رئیسی نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچنا تھا جب راستے میں ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔
تبریز کے مرکزی سکوائر سے سوگواران ایرانی پرچم لہراتے ہوئے جلوس کی شکل میں نکلے جنہوں نے ہاتھوں میں ابراہیم رئیسی کی تصویر اٹھا رکھی تھی۔
سوگواران ابراہیم رئیسی اور ان کے سات ساتھیوں کے تابوت کے پیچھے مارچ کرتے ہوئے جا رہے تھے۔ آج بروز منگل ابراہیم رئیسی کا جسد خاکی تبریز سے اہل تشیع کے لیے مرکزی حیثیت رکھنے والے شہر قم لے جایا جائے گا۔ نماز جنازہ آیت اللہ خامنہ ای کی امامت میں بدھ کی صبح تہران میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 19 مئی کی شام ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو ملک کے علاقے آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں حادثہ پیش آیا تھا۔
ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے، مقامی میڈیا کے مطابق وہ ایران اور آذربائیجان کے سرحدی علاقے سے واپس لوٹ رہے تھے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments