دبئی:تھائی لینڈ سے کویت جاتے ہوئے کویت ائیر ویز کی پرواز میں دو خواتین مسافروں کے جھگڑے کےبعد کپتان کوطیارےکو بنکاک ائیرپورٹ واپس اترنا پڑا۔
اتوار کے روز فضائی کمپنی نے “ایکس” پلیٹ فارم پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کے روزپرواز”کے یو فور ون فور” میں پیش آیا۔ خواتین مسافروں کے لڑائی جھگڑے کی وجہ سے دیگر مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس پر جہاز کے عملے کو پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
کمپنی نے مزید کہا کہ پھر پائلٹ نے سکیورٹی کے طریقہ کار کی تعمیل میں ہوائی اڈے پر واپس آنے کا فیصلہ کیا۔
کویت ایئرویز نے کہا ہے کہ وہ “خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے تمام قانونی اقدامات کرے گی۔ کمپنی نے تمام مسافروں پر سفری ضوابط کی پابندی پر زور دیا۔
کویتی پبلک پراسکیوشن نے “ایکس” پلیٹ فارم پر ایک بیان میں کہا کہ تھائی لینڈ سے آنے والی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرواز کے دوران تشدد کے ارتکاب کے الزام میں دونوں خواتین کوگرفتار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے کہا کہ خواتین مسافر”غیر فطری حالت” میں تھیں جب انہوں نے آپس میں جھگڑا شروع کیا، جب کہ ان میں سے دو نے طیارے کے سکیورٹی افسر کے خلاف مزاحمت کی اور اس کی توہین کی۔
استغاثہ نےکہا کہ اس نے ملزم خواتین سے پوچھ گچھ کی اور ان میں سے دو کو جانچ کے لیے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل ایویڈینس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔