گروگرام:دہلی سے متصل ہریانہ کے گروگرام سے ایک دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں شمشان گھاٹ کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر چار افراد کی موت ہو گئی۔ جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ المناک حادثہ قریب ہی نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔ لیکن علاج کے دوران چار لوگوں کی موت ہو گئی۔
یہ واقعہ سائبر سٹی کے مدن پوری روڈ پر واقع رام باغ علاقے میں پیش آیا۔ یہاں شمشان گھاٹ کے قریب بیٹھے ہوئے دس افراد اس وقت زخمی ہو گئے جب اس سے ملحقہ دیوار گر گئی۔ جبکہ 4 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام 5:30 سے 6 بجے کے درمیان پیش آیا۔
شمشان گھاٹ سے ملحق کالونی کے کچھ لوگ ہفتے کی شام رام باغ کی دیوار کے پاس بیٹھے تھے۔ اس دوران کچھ بچے وہاں کھیل رہے تھے۔ اسی دوران اچانک رام باغ کی دیوار گر گئی اور کچھ لوگ اور بچے اس کے نیچے آ گئے۔ اہل علاقہ نے فوری طور پر ملبہ اٹھانا شروع کیا اور ملبے تلے دبے افراد کو ہسپتال پہنچایا۔
لیکن علاج کے دوران پپو، کرشنا، منوج اور معصوم بچی خوشبو کی موت ہو گئی۔ جبکہ دیگر افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور پورے معاملے کی گہرائی سے تفتیش شروع کر دی ہے۔