ماسکو:روس میں صدارتی انتخابات کے لیے کل سے تین روزہ پولنگ کا آغاز ہوگا، 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا تاہم یقینی ہے کہ 71 برس کے ولادیمیر پیوٹن ہی ایک بار پھر 6 برس کیلئے صدر منتخب کرلیے جائیں گے۔
یہ روس کے آٹھویں صدارتی انتخابات ہیں، 15 مارچ کو شروع ہونے والی ووٹنگ 16 اور 17 مارچ کو بھی جاری رہے گی۔
۔4 شخصیات نے خود کو صدارتی امیدوار کے طور پر رجسٹرڈ کرایا ہے جن میں سے دیگر 3 روسی ایوان زیریں یعنی ڈوما کے اراکین نکولائی خریطونوف، لیانید سُولوستکی اور ویلدیسلوف داونکوف ہیں جبکہ صدر بننے کے خواہشمند الیکسی نوالنی پراسرار موت کا شکار ہوچکے ہیں اور دو کے کاغذات مسترد کردیے گئے۔
سروے کے مطابق ولادیمیر پیوٹن ہی دوبارہ صدر بنیں گے، صدر پیوٹن نے ووٹنگ سے ایک روز پہلے پیغام میں کہا کہ یہ ملک میں انتہائی اہم الیکشن ہیں۔ اس کے نتائج آئندہ برسوں میں روس کی ترقی پر براہ راست نتائج مرتب کریں گے۔
واضح رہے کہ پیوٹن کو سابق سوویت لیڈر بورس یلسن نے 1999 میں نائب صدر مقرر کیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے سن 2000 سے 2008 تک دوبار صدارت اور پھر سن 2012 تک وزارت عظمیٰ سنبھالی۔
سن 2012 میں وہ تیسری بار اور سن 2018 میں چوتھی بار صدر بنے تھے۔آئینی طور پر انہیں مزید دو بار صدر بننے کی اجازت ہے۔