پیرس: کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ نے اسٹار فٹبالر کی ریٹائرمنٹ کے وقت سے پردہ اٹھادیا۔
پیرس فیشن ویک میں شرکت کے دوران کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز نے اس بات کی تصدیق کی کہ پرتگال کے اسٹار فٹبالر ایک سال یا زیادہ سے زیادہ دو سال میں ریٹائر ہوجائیں گے۔
جارجینا روڈریگز نے پیرس فیشن ویک میں رونالڈو کی دستخط شدہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی شرٹ پہن کر ریمپ پر واک کرکے اپنے بوائے فرینڈ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کے درمیان 2017 سے تعلقات ہیں اور جوڑے کے 5 بچے بھی ہیں۔
اس سے قبل رونالڈو نے اکتوبر 2023 میں ایک انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کی نظریں 2026 کے ورلڈ کپ پر ہیں۔
رونالڈو نے کہا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں 40 یا 41 سال کی عمر تک کھیلوں گا۔ میں یہ اہداف طے نہیں کرتا لیکن میں خود کو جسمانی طور پر اچھی حالت میں محسوس کرتا ہوں۔ میں اپنے کلب اور قومی ٹیم دونوں میں خوش ہوں، میں نے کافی گول کیے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو اپنے جارحانہ کھیل کی وجہ سے معروف ہیں جن کا شمار دنیا کے مہنگے ترین اور سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑیوں اور افراد میں ہوتا ہے۔ وہ دنیا کے بڑے فٹبال کلبز مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور جووینٹس کے لیے کھیل چکے ہیں۔
رونالڈو نے ریئل میڈرڈ کے ساتھ 438 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 450 گول اسکور کیے اور 131 میں معاونت فراہم کی، یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جس کے کبھی نہ ٹوٹنے کا امکان ہے۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اپنے دو ادوار میں انہوں نے 145 گول کیے اور 64 گولز میں معاونت فراہم کی۔
اپنے 21 سالہ طویل کیرئیر میں رونالڈو نے پانچ بار فٹ بال کا سب سے بڑا انفرادی اعزاز بیلن ڈی آر بھی جیتا اور کئی بار یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ بھی جیتی ہے۔