
ممبئی : مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی این سی پی کے سربراہ اجیت پوار بدھ 28 جنوری 2026 کو اس وقت جاں بحق ہو گئے جب انہیں لے جانے والا طیارہ پونے ضلع کے برامتی میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔
اس حادثے میں اجیت پوار سمیت چار دیگر افراد کی بھی موت ہو گئی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کے مطابق طیارے نے برامتی میں اترنے کی کوشش کی جس دوران یہ گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ ایوی ایشن ریگولیٹری ادارے نے بتایا کہ یہ طیارہ دہلی کی چارٹر کمپنی وی ایس آر کا لیر جیٹ 45 تھا۔ طیارے میں اجیت پوار کے ساتھ ان کا معاون پی ایس او پائلٹ اور کو پائلٹ موجود تھے اور سب کو مردہ قرار دیا گیا۔
اجیت پوار صبح ممبئی سے برامتی میں ایک ریلی میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ فلائٹ ریڈار کے مطابق پرواز نے صبح 8.10 پر ممبئی سے اڑان بھری اور تقریباً 8.45 پر ریڈار سے غائب ہو گئی۔ اجیت پوار گزشتہ چار دہائیوں میں مہاراشٹر کی سیاست کا ایک نمایاں چہرہ بن کر ابھرے تھے۔ اپنے حامیوں میں دادا کے نام سے مشہور اجیت پوار نے 1980 کی دہائی میں اپنے چچا شرد پوار کی سرپرستی میں نچلی سطح سے سیاست کا آغاز کیا تھا۔ انہیں پہلی انتخابی کامیابی 1991 میں ملی جب انہوں نے برامتی لوک سبھا نشست جیتی۔ ریاستی سیاست میں تیزی سے ابھرنے کے باوجود انہوں نے ایک مرحلے پر اپنے چچا سے اختلاف کر کے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ بنے جس سے این سی پی دو حصوں میں بٹ گئی۔ وہ مختلف وزرائے اعلیٰ کے تحت پانچ مرتبہ نائب وزیر اعلیٰ رہے۔ انہوں نے ایک بار کہا تھا کہ میں ایک دن وزیر اعلیٰ بننا چاہتا ہوں اور عوامی فلاح کے لیے اپنے منصوبے نافذ کرنا چاہتا ہوں لیکن طیارہ حادثے نے ان کی زندگی کو وقت سے پہلے ختم کر دیا۔ اجیت پوار کے پسماندگان میں اہلیہ سنیترہ جو راجیہ سبھا کی رکن ہیں اور دو بیٹے پرتھ اور جے شامل ہیں۔
شیوسینا یو بی ٹی کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے بدھ کے روز مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے المناک انتقال کی خبر پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اجیت پوار آج علی الصبح برامتی میں ایک چارٹر طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔اروند ساونت نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک خبر ہے اور اس سانحے سے پورا پوار خاندان ٹوٹ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ ان کی باتوں پر عمل کرتا تھا وہ ایک دلیر انسان تھے اور برامتی خطے کی ترقی میں ان کا بڑا کردار رہا ہے میں پوار خاندان سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

