
نئی دہلی:دہلی میں جلد ہی مزید 137 محلہ کلینک بند ہو جائیں گے۔ دہلی حکومت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز نے تمام اضلاع کے چیف ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرز کو ہدایات جاری کی ہیں۔ دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ دہلی بھر میں تقریباً 1100 آیوشمان آروگیہ مندر کھولے جائیں گے۔ اب تک 319 کھولے جا چکے ہیں۔ نتیجتاً محلہ کلینک بند ہو رہے ہیں۔
عام آدمی پارٹی کی حکومت کے دوران دہلی میں 540 محلہ کلینک کھولے گئے۔ تاہم، اب آہستہ آہستہ ان کی جگہ آیوشمان آروگیہ مندروں نے لے لی ہے۔ محلہ کلینک دہلی میں 2015 میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت کے ذریعہ شروع کیے گئے تھے جس کا مقصد سبھی کو صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
حکام کے مطابق، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے محلہ کلینک سیل نے تمام اضلاع کے چیف ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرزکو بندش کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ بند ہونے والے 137 کلینکس میں سے 101 پورٹا کیبن سے کام کرتے ہیں۔ ان میں سے 30 کرائے کے احاطے میں، پانچ سرکاری عمارتوں میں اور ایک نجی عمارت میں بغیر کرائے کے کام کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق اس وقت بند کیے جانے والے 41 کلینکس میں کوئی ڈاکٹر نہیں ہے اور وہ کام نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بقیہ 96 کلینک آیوشمان آروگیہ مندر کے قریب واقع ہیں جس کی وجہ سے وہ بیکار ہیں۔ دہلی میں 540 سے زیادہ محلہ کلینک تھے۔
عہدیداروں نے کہا کہ جیسے جیسے آیوشمان آروگیہ مندر کا نیٹ ورک پھیل رہا ہے، باقی کلینک مستقبل میں بند ہو سکتے ہیں۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کو دہلی بھر میں 81 نئے آیوشمان آروگیہ مندروں کا افتتاح کیا، جس سے شہر میں ایسے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے مراکز کی کل تعداد 319 ہو گئی۔
محلہ کلینک یونین کے صدر جتیندر کمار نے ایک بیان میں کہا کہ جنتا دربار کے دوران وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے انہیں یقین دلایا کہ محلہ کلینک کے تمام موجودہ عملے کو بغیر انٹرویو کے آیوشمان آروگیہ مندروں میں جگہ دی جائے گی۔ تاہم، اس یقین دہانی کے برعکس، حکومت نے محلہ کلینک کے موجودہ عملے کو ملازمتیں فراہم کیے بغیر مزید محلہ کلینک کو بند کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہم نے عدالت میں پی آئی ایل دائر کی ہے اور ہمیں انصاف ملنے کی امید ہے۔

