
نئی دہلی:دہلی میں ہوا کا معیار بدستور خراب زمرے میں ہے ۔ آلودگی میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں اور صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔ اگرچہ حکومت آلودگی کو کم کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے، دہلی میں گریپ4کی پابندیاں لاگو کی گئی ہیں، یہ بھی بے اثر ہورہی ہیں اور ہوا زہریلی ہے۔ آج بھی دہلی کے زیادہ تر علاقے ریڈ زون میں ہیں۔
سمیر ایپ کے مطابق، پیر کی شام 6 بجے، آنند وہار میںاے کیوآئی 402 ، بوانا 408 ، منڈکا 400 ، نریلا 418 ، اور روہنی 400 ریکارڈ کیا گیا ۔ ان علاقوں میں ہوا کا معیار انتہائی ناقص ہے، جس سے سانس کے مسائل ، آنکھوں میں جلن وغیرہ کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ ڈاکٹر بچوں، بوڑھوں اور پہلے سے موجود طبی حالات میں مبتلا افراد کو گھر کے اندر رہنے اور باہر نکلتے وقت احتیاط برتنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔
دہلی کا مجموعی اے کیوآئی 366 پر ریکارڈ کیا گیا ۔ صبح 6 بجے،اے کیوآئی مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے زیادہ تر علاقوں میںاے کیوآئی 300 اور 400 کے درمیان ریکارڈ کیا ، جہاں زہریلی ہوا لوگوں کی صحت کو متاثر کر رہی ہے۔ نوئیڈا کااے کیوآئی 352، غازی آباد کا 348، اور گروگرام کا 325 تھا۔ یہ تینوں علاقے بھی ریڈ زون میں ہیں۔
آلودگی کے ایک موٹے چادر نے دہلی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے دارالحکومت کی رفتار کم ہو رہی ہے ۔ کہرے اور اسموگ نے حد نگاہ میں نمایاں کمی کر دی ہے، جس سے عام لوگوں کے روزمرہ کے سفر پر اثر پڑا ہے۔ صبح و شام صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے۔ دور سے نظر آنے والی عمارتیں اور یادگاریں اب بمشکل نظر آتی ہیں۔
اس کے لئے گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کا چوتھا مرحلہ دارالحکومت میں نافذ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت بی ایس 6 معیار سے کم گاڑیوں کو دہلی میں داخل ہونے پر سختی سے پابندی لگا دی گئی ہے۔ مزید برآں، آلودگی کی سطح کو کم کرنے کے لیے تعمیراتی کام کو روکنے، صنعتی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینے جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دہلی کے موسم کی بات کریں تو دارالحکومت میں سردی کی مسلسل بڑھتی ہوئی لہر کا سامنا ہے۔ دو دن سے یلو کولڈ الرٹ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیر کے لیے یلو دھند کا الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ آج دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

