Friday, October 10, 2025
Homeہندوستاندہلی میں الیکشن کمیشن کی ایس آئی آر نافذ کرنے کی تیاری...

دہلی میں الیکشن کمیشن کی ایس آئی آر نافذ کرنے کی تیاری شروع

نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں انتخابی کمیشن نے خصوصی گہری جانچ(ایس آئی آر) کے عمل کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس کے تحت اب ان لوگوں کو اپنی شناختی دستاویزات پیش کرنا ہوں گی جن کے نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں درج نہیں ہیں۔

تاہم ایس آئی آر شروع ہونے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یہاں جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق، انتخابی کمیشن (ای سی) نے ووٹر لسٹوں کی شفافیت برقرار رکھنے کے اپنے آئینی فریضے کی تکمیل کے مقصد سے ملک بھر میں ایس آئی آر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر نے بھی اس عمل کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ تمام اسمبلی حلقوں میں بوٹھ لیول آفیسرز (بی ایل او) تعینات کیے گئے ہیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام متعلقہ افسران – ضلع انتخابی افسران، الیکٹورل رجسٹریشن افسران، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران اور بی ایل اوز – کو تربیت دی گئی ہے۔

سی ای او کے دفتر نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اور اپنے والدین کے ناموں کی تصدیق کے لیے 2002 کی ووٹر لسٹ دیکھیں۔ بیان میں کہا گیا: “ایس آئی آر کے دوران بی ایل اوز گھر گھر جا کر عوام سے ضروری کاغذات کے ساتھ فارم جمع کریں گے۔ جن افراد کے نام 2002 اور 2025 دونوں کی ووٹر لسٹ میں موجود ہیں، انہیں صرف فارم کے ساتھ 2002 کی ووٹر لسٹ جمع کرانی ہوگی۔”

بیان کے مطابق اگر کسی ووٹر کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں درج نہیں ہے لیکن اس کے والد یا والدہ کا نام درج ہے تو اسے فارم کے ساتھ شناختی ثبوت اور والدین کے نام کی 2002 لسٹ پیش کرنی ہوگی۔ دہلی کے سی ای او کے دفتر نے 2002 میں ہوئی ایس آئی آر کی ووٹر لسٹ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی ہے۔ اس کے علاوہ 2002 کے حلقہ اسمبلی کا موجودہ حلقوں کے ساتھ موازنہ بھی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

بہار میں 2003 کے بعد پہلی بار ووٹر لسٹ کی ایس آئی آر ہوئی تھی جس نے بڑا سیاسی تنازع کھڑا کر دیا۔ اپوزیشن جماعتوں نے الزام لگایا تھا کہ اس عمل کا مقصد لوگوں کو ان کے ووٹ کے حق سے محروم کرنا ہے، جبکہ انتخابی کمیشن کا کہنا ہے کہ ایس آئی آر کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام اہل شہریوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل ہوں اور کوئی بھی نااہل ووٹر اس میں شامل نہ ہو۔

ایس آئی آر کے نتائج کے مطابق بہار میں رجسٹرڈ ووٹروں کی کل تعداد اس عمل سے پہلے 7.9 کروڑ تھی جو اب گھٹ کر 7.24 کروڑ رہ گئی۔ دہلی کے سی ای او دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے خصوصی خلاصہ ترمیم-2025 کے نتائج کے مطابق قومی دارالحکومت میں کل 1,55,24,858 رجسٹرڈ ووٹر ہیں، جن میں 83,49,645 مرد، 71,73,952 خواتین اور 1,261 ٹرانس جینڈر ووٹر شامل ہیں۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments