
نئی دہلی:دہلی-این سی آر میں موسم نے پیر کو اچانک کروٹ لی۔ صبح سے آسمان ابر آلود تھا اور دوپہر تک کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش شروع ہو گئی۔ اسی دوران نوئیڈا اور آس پاس کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ درج کی گئی۔ بارش سے جہاں گرمی سے راحت ملی ہے وہیں دوسری جانب عوام کو بھی اس کی وجہ سے کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔
دہلی-نوئیڈا سرحد کے ساتھ ساتھ گروگرام کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شام 4 بجے کے قریب کہا کہ جنوبی اور وسطی دہلی میں ہلکی بارش کے بعد شہر کے شمالی حصوں میں بارش متوقع ہے۔
بارش کا سلسلہ آئندہ دو گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے اور مختلف علاقوں میں درمیانی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ سہ پہر ساڑھے چار بجے تک مہیپال پور سے دھولہ کوان جانے والی این ایچ آٹھ ہائی وے پر زبردست جام تھا۔ بارش کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک ٹھپ ہو کر رہ گئی۔ ایسے میں شام کو دفتر جانے والے مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور دہلی کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک جام ہوگیا۔ بارش کے دوران گاڑیوں کی رفتار کم ہوگئی اور کئی مقامات پر طویل ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گھنے کالے بادلوں کی وجہ سے دن میں اندھیرا چھا گیا۔