Thursday, August 28, 2025
Homeہندوستانجموں و کشمیر میں بارش نےتوڑا 115 سال پرانا ریکارڈ

جموں و کشمیر میں بارش نےتوڑا 115 سال پرانا ریکارڈ

نئی دہلی:جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلادھار بارش نے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ جموں میں 380 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 1910 میں آبزرویٹری کے قیام کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ یہاں 115 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے پہلے کا ریکارڈ 25 ستمبر 1988 کا تھا جب 270.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ 23 اگست 1996 کو ریکارڈ کی گئی 218.4 ملی میٹر بارش کا اعداد و شمار بھی پیچھے رہ گیا۔ مقابلے کے لیے اگست کے مہینے میں بارش کا اوسط 403.1 ملی میٹر ہے جو اب تقریباً ایک دن میں مکمل ہو چکا ہے۔ جموں میں ماتا ویشنو دیوی مارگ پر اردھ کمواری میں مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 40 سے تجاوز کر گئی ہے۔
مسلسل بارش کی وجہ سے بجلی، پانی اور موبائل-انٹرنیٹ خدمات درہم برہم ہیں۔ تباہ شدہ سڑکوں کی وجہ سے مواصلات میں خلل پڑا ہے اور بیشتر ٹرینیں دوسرے دن بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر رہے تو کچھ ٹرینیں چلیں گی۔ ٹیلی کام کمپنیوں نے کہا کہ مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔ اگر موسم سازگار رہا تو شام تک خدمات بحال ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں سے صبر کی اپیل کی گئی ہے۔
جموں میں بارش کے لیے ریڈ الرٹ ہٹا دیا گیا ہے اور اسے یلو الرٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ لیکن جموں و کشمیر میں مانسون کا اثر پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے۔ انتظامیہ نے آئندہ 15 دنوں کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے عوام سے الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے۔ تاہم حالات میں بہتری کے پیش نظر جموں خطہ کے لیے جاری کیا گیا ریڈ الرٹ ہٹا دیا گیا ہے اور اب یلو الرٹ نافذ ہے۔ کشمیر کے ڈویژنل کمشنر انشول گرگ کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم کے پانی کی سطح کم ہوئی ہے، لیکن خطرہ ٹل نہیں رہا۔ آنے والے 10-15 دن بہت اہم ہیں۔ عوام محکمہ موسمیات کے مشورے پر عمل کریں اور دریاؤں کے قریب محتاط رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور 150 سے زائد حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں کسی نئے سیلاب کی اطلاع نہیں ہے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments