Tuesday, August 26, 2025
Homeہندوستانبہار اسمبلی الیکشن کے بائیکاٹ پر اپوزیشن غور کرسکتا ہے:تیجسوی یادو

بہار اسمبلی الیکشن کے بائیکاٹ پر اپوزیشن غور کرسکتا ہے:تیجسوی یادو

پٹنہ: بہار اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رکنِ اسمبلی تیجسوی یادو نے انتخابی عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابات ایمانداری سے نہیں کرائے جا رہے، تو پھر ان کے انعقاد کا کیا جواز باقی رہ جاتا ہے؟ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ایسی صورت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو سیدھے طور پر اقتدار میں توسیع دے دینی چاہیے۔
تیجسوی یادو نے انتخابات کے بائیکاٹ (چناؤ بائیکاٹ) پر غور کی بات بھی کہی، جس کے لیے عوام اور دیگر سیاسی جماعتوں کی رائے لی جائے گی۔ تیجسوی یادو نے کہا:بی جے پی کو ایکسٹینشن دے دینا چاہیے، انتخابی عمل سمجھوتے کا شکار ہو چکا ہے۔ ابھی تک الیکشن کمیشن نے پریس کانفرنس تک نہیں کی۔ بہار میں انتخاب ہو رہے ہیں اور اچانک اتنی بڑی مہم چلا دی گئی ہے۔ ہمارے کچھ سوالات ہیں۔ پہلے ووٹرز حکومت چُنتے تھے، اب حکومت ووٹرز چُن رہی ہے۔
پٹنہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اگر صرف ایک فیصد لوگوں کے بھی نام ووٹر لسٹ سے کاٹے جائیں، تو تقریباً سات سے آٹھ لاکھ لوگوں کے نام حذف ہو جائیں گے۔ بی جے پی لیڈروں کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بہار میں بنگلہ دیش، میانمار اور نیپال کے ووٹرز موجود ہیں، جبکہ سپریم کورٹ میں داخل حلف نامے میں ایسی کوئی بات درج نہیں ہے۔ اس میں غیر ملکیوں کا کہیں ذکر نہیں ہے۔
اسمبلی کارروائی پر بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ جب وہ ایوان میں بول رہے تھے تو نائب وزیراعلیٰ (ڈپٹی سی ایم) نے بھی تبصرے کیے۔ انہوں نے کہا: میں تو اسپیکر کی اجازت سے بول رہا تھا۔ نائب وزیراعلیٰ کا بیان بھی غیر پارلیمانی اور غیر مناسب تھا۔ اگر اسمبلی میں حزب اختلاف کا لیڈر نہیں بولے گا تو پھر کون بولے گا؟ اگر سوال نہیں پوچھے جائیں گے تو جواب کون دے گا؟

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments