
ریاض:سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے اثرات کے خاتمے میں وسیع کردار ادا کرے۔
سعودی ولی عہد سنیچر کو منیٰ پیلس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر اسلامی شخصیات، مہمانوں اور حج وفود کے سربراہان کے استقبالیے سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا ’اسرائیلی جارحیت کے باعث فلسطین میں ہمارے بھائیوں کے مصائب کا سلسلہ جاری ہے۔‘ ’ہم اس جارحیت کے تباہ کن اثرات کے خاتمے، بے گناہ شہریوں کے تحفظ اور ایک نئی حقیقت کی طرف کام کرنے کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کے کردار کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس سے بین الاقوامی حیثیت اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطین امن سے لطف اندوز ہو سکتا ہے۔‘
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’اللہ تعالی نے مملکت کو دو مقدس مساجد، ان کے زائرین جن میں حجاج، معتمرین اور دیگر مہمانوں کی خدمت کا اعزاز دیا ہے۔
سعودی عرب نے اس مقدس فریضے کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے، اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ اپنے مناسک کو آرام اور آسانی کے ساتھ ادا کر سکیں۔‘ سعودی ولی عہد نے اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مملکت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ مملکت، تمام مسلم ممالک اور دنیا بھر میں امن و سلامتی قائم رکھے۔ حجاج کے حج کو قبول فرمائے اور وہ اپنے اہل خانہ کے پاس بحفاظت واپس جائیں۔