
گاندھی نگر:وزیراعظم نریندر مودی “آپریشن سیندور” کے بعد اپنے آبائی ریاست گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس دورے کے پہلے دن وزیراعظم نے وڈودرا میں روڈ شو کیا اور داهود میں لوکوموٹیو پلانٹ کا افتتاح کیا۔ داهود میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج 26 مئی ہے۔ 2014 میں اسی تاریخ کو میں نے پہلی بار وزیراعظم کے طور پر حلف لیا تھا۔ سب سے پہلے، گجرات کے لوگوں نے مجھے آشیرواد دیا، پھر کروڑوں ہندوستانیوں نے مجھ پر اپنا اعتماد ظاہر کیا۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ آج ملک مایوسی کے اندھیرے سے نکل کر یقین کی روشنی میں ترنگا لہرا رہا ہے۔ آج ہم 140 کروڑ ہندوستانی مل کر اپنے ملک کو ایک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کے لیے پوری جانفشانی سے محنت کر رہے ہیں۔ ملک کی ترقی کے لیے جو کچھ بھی ضروری ہے، وہ ہمیں اپنے ہی ملک میں بنانا ہوگا۔ آج ہندوستان تیزی سے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں دنیا میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ہماری گھریلو ضروریات کی اشیاء کی تیاری ہو یا دنیا کے مختلف ممالک کو برآمدات، ہر میدان میں ہندوستان کی موجودگی بڑھ رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا، “کچھ دیر پہلے یہاں ہزاروں کروڑ روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا گیا ہے۔ ان میں سب سے شاندار داهود کی الیکٹرک لوکوموٹیو فیکٹری ہے۔ تین سال پہلے میں نے اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا، اور آج اس فیکٹری میں پہلا الیکٹرک لوکوموٹیو تیار ہو گیا ہے۔ آج گجرات کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ گجرات کا سو فیصد ریلوے نیٹ ورک مکمل طور پر برقی ہو چکا ہے۔ اس کے لیے میں آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ علاقہ ماں بھارت اور انسانیت کی حفاظت کے لیے ہماری قربانیوں اور عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔ ذرا سوچیں، پاہلگام کشمیر میں دہشتگردوں نے جو کچھ کیا، کیا ہندوستان خاموش بیٹھ سکتا ہے؟ کیا مودی چپ بیٹھ سکتا ہے؟ اگر کوئی ہماری بہنوں کے سیندور کو مٹانے کی کوشش کرے گا، تو اُس کا مٹنا بھی طے ہے۔ اس لیے آپریشن سیندور صرف ایک فوجی کارروائی نہیں ہے، یہ ہم ہندوستانیوں کے جذبات اور ہمارے تہذیبی اقدار کا اظہار ہے۔” وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشتگردوں نے 140 کروڑ ہندوستانیوں کو چیلنج دیا تھا، اس لیے مودی نے وہی کیا جس کے لیے ملک کے عوام نے مجھے “پردھان سیوک” کی ذمہ داری سونپی ہے۔
وڈودرا میں وزیراعظم مودی کے روڈ شو کے دوران لوگ سڑک کے دونوں طرف ترنگا ہاتھوں میں لیے کھڑے تھے۔ جب وزیراعظم اپنے قافلے سے باہر آئے تو لوگوں نے ان پر پھولوں کی بارش کی۔ داؤدی بوہرہ برادری نے بھی جوش و خروش سے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران کرنل صوفیہ قریشی کا خاندان بھی وزیراعظم کے استقبال کے لیے موجود تھا۔
وی ایم سی کمشنر ارون مہیش بابو نے آئی اے این ایس کو بتایا، “ہمیں خوشی ہے کہ وزیراعظم یہاں آئے۔ میونسپل کارپوریشن اور پولیس نے شاندار انتظامات کیے۔ یہ پروگرام ہمارے مسلح افواج اور وزیراعظم نریندر مودی کو آپریشن سیندور پر شکریہ اور عزت دینے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ لوگوں نے بھرپور جوش سے شرکت کی۔