Saturday, May 24, 2025
Homeہندوستانپاکستان کو کریں گے بے نقاب، دہشت گردی پر خاموش نہیں رہیں...

پاکستان کو کریں گے بے نقاب، دہشت گردی پر خاموش نہیں رہیں گے: ششی تھرور

نئی دہلی:پاکستان کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مؤقف کو عالمی برادری تک پہنچانے کے لیے روانہ ہونے سے قبل کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور نے جمعہ کو کہا کہ دہشت گردی پر ملک خاموش نہیں رہے گا۔ ہم نہیں چاہتے کہ بے حسی سچائی پر غالب آ جائے۔ یہ امید کا ایک مشن ہے، اور ایسا مشن ہے جو ایک دن دنیا کو یاد دلائے گا کہ ہندوستان اُن تمام اقدار کے لیے کھڑا ہے جن کا تحفظ آج کی دنیا میں ضروری ہے۔
ششی تھرور کی قیادت میں جو وفد امریکہ کا دورہ کرے گا، اس کے ذریعے القاعدہ کے ساتھ پاکستان کے روابط کو اجاگر کیے جانے کی توقع ہے، جو نائن الیون سمیت دنیا بھر میں کئی دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہا ہے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں کانگریس ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا کہ میں ایک آل پارٹی وفد کے ساتھ پانچ ممالک — گیانا، پاناما، کولمبیا، برازیل اور امریکہ — کے دورے پر جا رہا ہوں اور ہم وہاں جا کر اپنے ملک کی طرف سے بات کریں گے… اس ہولناک بحران کے بارے میں بات کریں گے جس میں دہشت گردوں نے ہمارے ملک پر انتہائی سفاک طریقے سے حملہ کیا۔
تھرور نے اس بات پر زور دیا کہ یہ وفد ان اقدار کو اجاگر کرے گا جن کے لیے ہندوستان ہمیشہ کھڑا رہا ہے اور جنہیں آج کی دنیا میں محفوظ رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں اپنے ملک کے لیے، اور آپریشن سندور جیسے اپنے ردعمل کے لیے، صاف گوئی اور پختہ یقین کے ساتھ بولنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم دہشت گردی پر خاموش نہیں رہیں گے اور ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ دنیا ہمیں نظرانداز کرے۔ ہم نہیں چاہتے کہ بے حسی سچائی پر غالب آ جائے۔ یہ امن کا مشن ہے، یہ امید کا مشن ہے، اور ایسا مشن ہے جو ایک دن دنیا کو یاد دلائے گا کہ ہندوستان اُن تمام اقدار کے لیے کھڑا ہے جنہیں ہمیں آج دنیا میں امن، جمہوریت، اور آزادی کے لیے محفوظ رکھنا چاہیے، نہ کہ نفرت، قتل اور دہشت کے لیے۔ جے ہند۔
ششی تھرور نے مزید بتایا کہ وہ سرکاری نمائندوں، تھنک ٹینکس، ارکان پارلیمنٹ اور میڈیا سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد ہے کہ ہم ہر ملک کی حکومت اور عوام کو اس مسئلے سے آگاہ کریں۔ ہم اپنا پیغام پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ ششی تھرور کی قیادت والا وفد گیانا، کولمبیا، پاناما، برازیل اور امریکہ کا دورہ کرے گا۔ اس وفد میں لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی شانبھوی، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سرفراز احمد، تیلگو دیشم پارٹی کے جی ایم ہریش بال یوگی، بی جے پی کے ششاک منی ترپاٹھی اور بھونیشور کلتا، شیو سینا کے میلند دیوڑا، بی جے پی کے تیجسوی سوریا اور سابق سفارتکار ترنجیت سندھو شامل ہیں۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments